بی جے پی اپنی حکمرانی جاری رکھنے کے لیے جموں وکشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی میں تاخیر کررہی ہے، طارق قرہ

پیر 3 مارچ 2025 22:02

جموں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیںکانگریس کے سربراہ طارق حمید قرہ نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت علاقے کی ریاستی حیثیت کی بحالی میں جان بوجھ کر تاخیر کر رہی ہے تاکہ گزشتہ سال منتخب حکومت کی تشکیل کے باوجود علاقے میں اپنی پراکسی حکمرانی جاری رکھ سکے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق طارق حمید قرہ نے بشنہ کے علاقے سلہڑ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ریاستی حیثیت کی بحالی کے اپنے وعدے کو پورا نہ کرکے جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے کیونکہ لوگوں نے اسے جموں و کشمیر پر حکومت کرنے کا مینڈیٹ نہیں دیاہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگوں کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی ہے اور ریاستی حیثیت کی جلد بحالی کے بار بار وعدوں کے بعد دھوکہ ہے جبکہ یہ سپریم کورٹ کی ہدایت کی بھی خلاف ورزی ہے۔مکمل ریاستی حیثیت کی بحالی کے لیے اپنی پارٹی مہم کو آگے بڑھاتے ہوئے طارق حمید قرہ نے کہا کہ یہ ستم ظریفی ہے کہ لوگوں کو اقتدار میں ان لوگوں سے ریاست کا درجہ مانگنا پڑتا ہے جن کے سیاسی آبائو اجداد نے انگریزوں کا ساتھ دیا تھا جب کانگریس سڑکوں اور جیلوں میں آزادی کے لیے لڑ رہی تھی۔