گندم کی فصل کو بھوری کنگی کا خدشہ ہوسکتا ہے ،بیماری کی صورت تجویز کردہ زہروں کا سپرے کریں،محکمہ زراعت سمبڑیال

منگل 4 مارچ 2025 13:10

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2025ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت سمبڑیال ڈاکٹرافتخار احمد وڑائچ نے کہا ہے کہ حالیہ بارش کے بعد ٹمپریچر بڑھنے سے گندم کی فصل کو بھوری کنگی کا خدشہ ہوسکتا ہے ،بیماری کی صورت میں محکمہ زراعت کے تجویز کردہ زہروں کا سپرے کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گندم کے کاشتکاروں کے نام اپنے ایک پیغام میں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں بارشوں کے بعد اب موسم صاف ہوگیا ہے ، ان دنوں درجہ حرارت بڑھنے سے بھوری کنگی کا خدشہ موجود ہے، اپنی فصل کا مشاہدہ کرتے رہیں اگر گندم کے پتوں پر بیماری نمودار ہوتو محکمہ زراعت کے تجویز کردہ زہروں کا سپرے کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بیماری پتوں اور تنے پر زنگ نما دھبوں کی شکل میں ظاہر ہوتی ہے اور ایک فنگس یا فنجائی سے پیدا ہونے والی بیماری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھوری کنگی کے تدارک کےلئے ایزوکسی سٹروبن،ڈائی فینوکونازول، پروپیکونازول، پائیراکلوسٹروبن، کلورتھیلونل یا ٹرائی فلوکسی سٹروبن میں سے کسی ایک کا سپرے کریں۔ ا ن کا کہنا تھا کہ فصل کی بیماری کی صورت میں فوری سپرے کرنے سے بڑے نقصان سے بچا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فیلڈ میں موجود محکمہ زراعت کے نمائندوں یا ہیلپ لائن پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :