گھیا توری لوکل مارچ میں میدانی علاقوں میں کاشت کیلئے موزوں قرار

منگل 4 مارچ 2025 13:35

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مارچ2025ء) گھیاتوری نشاستہ، چکنائی، لحمیات سے بھرپور ہے اور100گرام گھیاتوری میں فاسفورس، وٹامن اے، بی اور تھائیامین بھی پائی جاتی ہے ۔نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت فیصل آبادکے ترجمان نے کاشتکاروں کو گھیا توری کی مشہور قسم گھیا توری لوکل کی میدانی علاقوں میں کاشت رواں ماہ مارچ کے دوران مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ مارچ کے اختتام تک اس کی کاشت مکمل کرکے بہتر پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے جبکہ اسے گندم کی برداشت کے بعد مئی و جون کے مہینوں میں بھی کامیابی سے کاشت کیاجاسکتاہے۔

انہوں نے کاشتکاروں سے کہا کہ عام طور پر گھیا توری کی دو اقسام کاشت کی جاتی ہیں جن میں ایک قسم ابھری ہوئی لائنوں والی جسے کالی توری کہاجاتاہے اور دوسری قسم گھیا توری کہلاتی ہے جو زیادہ تر پنجاب کے میدانی علاقوں میں کاشت کی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ کالی توری کی بارانی علاقوں میں کاشت سے بہترین پیداوار حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ پرائیویٹ سیڈ کمپنیاں گھیاتوری کادوغلا بیچ تیار کررہی ہیں جس کا سائز عام توری کے مقابلہ میں کافی بڑا ہوتاہے اور اس کی پیداوار بھی زیادہ ہوتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایک ایکڑ رقبہ پر گھیا توری کی کاشت کیلئے ایک سے ڈیڑھ کلو گرام صحت مند بیج درکار ہوتاہے تاہم بوائی سے قبل امیڈاکلوپرڈ یا تھائیو فینیٹ میتھائل بحساب 2گرام فی کلو گرام بیج کو لگا کر کاشت کرنا چاہیے تاکہ فصل مختلف بیماریوں سے محفوظ رہ سکے۔ انہوں نے بتایاکہ ماہ مارچ میں کاشت کی گئی فصل اپریل کے آخری ایام سے لے کر جولائی کے آخر تک پھل دیتی ہے جبکہ مئی و جون میں کاشت کی گئی فصل سے اکتوبر ونومبر میں پھل حاصل کیاجاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یامحکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :