سیف الملوک کھوکھر نے این اے 126میں رمضان نگہبان پیکج کے چیک تقسیم کئے

نگہبان رمضان پیکیج نادار لوگوں کا حق جوحکومت ان کی دہلیز پر پہنچارہی ہے ‘ صدر مسلم لیگ (ن) لاہور

بدھ 5 مارچ 2025 11:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2025ء)وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے رمضان نگہبان پیکج کے سلسلہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر نے این اے 126 میں مستحقین میں 10 ہزار روپے کے چیک تقسیم کیے ۔آرگنائزر این اے 126 کی جانب سے پبلک سیکرٹریٹ مرغزار کالونی میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں معززین علاقہ ، سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر رائے ونڈ خواجہ عمران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملک سیف الملوک کھوکھر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، مستحق خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور رمضان نگہبان پیکج اسی عزم کی عکاسی ہے۔رمضان المبارک خدمت خلق کا مہینہ ہے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت پسے ہوئے طبقات کا ہاتھ تھامنا اپنا فرض سمجھتی ہے ،نگہبان رمضان پیکیج نادار لوگوں کا حق جوحکومت ان کی دہلیز پر پہنچارہی ہے ،اس پیکیج سے مستفید ہونے والوں کو قطاروں میں نہیں لگنا پڑے گا بلکہ انہیں عزت اور احترام کے ساتھ ان کا حق ا ن کی دہلیز پر مل رہا ہے ۔