زراعت کو سائنسی بنیادوں پر استوار کرکے ملکی غذائی ضروریات پورا کرنے کے علاوہ کثیر زرِ مبادلہ بھی کمایا جاسکتاہے،ڈاکٹر سرورخاں

بدھ 5 مارچ 2025 12:51

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2025ء)قدرت نے پاکستان کو بہترین وسائل سے مالا مال کیا ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ زراعت کو سائنسی بنیادوں پر استوار کرتے ہوئے بڑھتی ہوئی ملکی آبادی کی غذائی ضروریات پورا کرنے کے ساتھ ساتھ کثیر زرمبادلہ بھی کمایا جائے جس سے زرعی ترقی کا نیا باب مرتب ہو گا۔یہ بات جامعہ زرعیہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمد سرور خان نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تربیت یافتہ افرادی قوت اور مسائل کے حل پر مبنی تحقیقات کی فضا کو پروان چڑھا کر مستحکم زرعی ترقی اور تخفیف غربت کا حصول ممکن بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے کو کم پیداواریت،پانی کی کمیابی، موسمیاتی تبدیلیوں،ان پٹ کا غیر دانشمندانہ استعمال، تصدیق شدہ بیج کی نا مناسب دستیابی اور منڈی کے مسائل کی وجہ سے سنگین خطرات کا سامنا ہے جس کیلئے زرعی سائنسدانوں کو کاشتکاروں کے ساتھ مضبوط روابط استوار کرتے ہوئے بھر پور کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی جدید علوم سے آراستہ افرادی قوت کی فراہمی کے ساتھ ساتھ بہترین تحقیقی امور کو بھی احسن انداز سے سر انجام دے رہی ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر محمد یونس و دیگر نے بھی خطاب کیا۔