چیف سیکرٹری پنجاب کا سرکاری محکموں کواین او سی کااجراء آسان بنانے کا حکم

بدھ 5 مارچ 2025 17:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2025ء)چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے تمام سرکاری محکموں کواین او سی کااجراء آسان بنانے کا حکم دیا ہے،ای بز پورٹل پر کاروباری افراداور شہریوں کیلئے این او سی کے آن لائن حصول کے عمل کو سادہ بنایا جائیگا۔انہوں نے یہ حکم سول سیکرٹریٹ میں منعقد ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیا جس میں صوبہ میں ای گورننس اور پرائس کنٹرول اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ این ا و سی کے اجراء کیلئے غیر متعلقہ کاغذات کی طلبی کا کوئی جواز نہیں، تمام محکمے یقینی بنائیں این اوسی کے آن لائن اجراء کیلئے صرف ضروری کاغذات طلب کئے جائیں۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ گورننس کی بہتری اور کرپشن کا خاتمہ صرف ٹیکنالوجی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

(جاری ہے)

ا نہوں نے ہدایت کی کہ خدمات کی آن لائن فراہمی کیلئے محکموں کی ڈیجیٹائزیشن کو جلد مکمل کیا جائے۔

چیف سیکرٹری نے صوبہ میں نا جائز منافع خوروں کیخلاف کریک ڈائون جاری رکھنے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ گرانفروشوں کیخلاف کارروائیوں سے متعلق رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر بھجوائی جائی۔ انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں استحکام کیلئے اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز اشیاء کے نرخوں، طلب اور رسد کا تقابلی جائزہ لیں، رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے انتظامی افسران اپنے فرائض عبادت سمجھ کر سر انجام دیں۔

سیکرٹری پرائس کنٹرول اور چیئرمین پی آئی ٹی بی نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔سیکرٹری پرائس کنٹرول نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پرماہ صیام میں اشیاء خورونوش کی قیمتوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے اور چیکنگ کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فیلڈ میں متحرک کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منگل کے روز صوبہ بھرمیں15ہزار سے زائد انسپکشنز کی گئیں۔

چیئرمین پی آئی ٹی بی نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صوبہ میںای گورننس کے فروغ کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر کو ای فاس سے منسلک کر دیا گیا ہے۔اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین پی اینڈ ڈی، تمام محکموں کے سیکرٹریز اور ڈائریکٹرز جنرل نے شرکت کی جبکہ ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔