فیصل آباد،کاشتکاروں کوگندم کے سست تیلے کے حیاتیاتی تدارکے لئےکھیت میں دوست کیڑوں کی تعدادمیں اضافےکی ہدایت

جمعہ 7 مارچ 2025 13:17

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2025ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو گندم کے سست تیلے کےحیاتیاتی تدارک کے لئے دوست کیڑوں کی تعدادمیں اضافہ کی ہدایت کی ہے۔ پلانٹ پروٹیکشن،پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز محکمہ زراعت فیصل آباد کے اسسٹنٹ ڈائریکٹراسرار ارشدنے کہاکہ کاشتکار گندم کے سست تیلے کے تدارک کے لئے فصل پر سادہ پانی کے سپرے اورسپرے کے لئے صاف پانی و زرعی ادویات کی باقیات سے پاک سپرے مشین استعمال کریں انہوں نے کہاکہ گندم کے سست تیلے کے حیاتیاتی تدارک کےلئے کھیت میں دوست کیڑوں خصوصاًلیڈی برڈ بیٹل، کرائی سوپرلا، مکڑی اور سرفڈ فلائی کی تعدادمیں اضافہ کیاجائے اور زرعی زہروں کے استعمال سے ہر ممکن اجتناب برتا جائے تاکہ دوست کیڑے محفوظ رہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کاشتکارکھیت اور کھالوں کے ارد گرد جڑی بوٹیوں کی تلفی کو یقینی بنائیں تاکہ سست تیلے کی افزائش کو روکا جا سکے۔انہوں نے کہاکہ گندم کے کھیت کے متاثرہ حصوں میں پودوں کو رسی سے ہلا کر سست تیلے کو نیچے گرا دیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بعض اضلاع میں چند مقامات پر بھوری اور زرد کنگی کی معمولی علامات مشاہدہ میں آئی ہیں اس لئے کاشتکار کسی غفلت کامظاہرہ نہ کریں۔

انہوں نے کہاکہ بھوری کنگی کا حملہ پودوں کے پتوں پر ہوتا ہے جس کی وجہ سے پتے کے اوپر بھورے رنگ کا زنگ نما پاؤڈر دکھائی دیتا ہے جس سے پودوں کے خوراک بنانے کا عمل متاثر ہوتا ہے جبکہ زرد کنگی کا حملہ پودوں کے پتوں پر ہوتا ہے اور شدید حملہ کی صورت میں فصل کے سٹے بھی متاثر ہوتے ہیں اور پودوں کے پتوں پر زرد رنگ کے چھوٹے چھوٹے دھبے متوازی قطاروں میں ظاہر ہوتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار کنگی کی بیماری کے انسداد کے لئے فصل کا باقاعدگی سے معائنہ اور محکمہ زراعت کے مقامی زرعی ماہرین کے مشورے سے سفارش کردہ پھپھوندی کش زہر کا سپرے کریں۔