پاکستان سپورٹس بورڈ نے الیکشن کمشنر اور پینل آف ایڈجوکیٹرز مقرر کر دیے

جمعہ 7 مارچ 2025 17:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2025ء) پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے ملک میں کھیلوں کے فروغ کے لئے شفافیت اور ڈسپلن کو مزید بڑھانے کے لئےالیکشن کمشنر اور پینل آف ایڈجوکیٹرز کی تقرری کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ تقرریاں پاکستان کوڈ آف ایتھکس اینڈ گورننس ان اسپورٹس (پی سی ای جی ایس کوڈ) کے تحت کی گئی ہیں۔یہ فیصلہ 4 دسمبر 2024 کو منعقدہ پی ایس بی کے 31ویں بورڈ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی روشنی میں عمل میں آیا۔

پی ایس بی کے صدر، نائب صدر اور سیکرٹری پر مشتمل کمیٹی نے مشاورت کے بعد تقرریوں کو حتمی شکل دی۔معروف قانونی ماہر ایڈووکیٹ زوہیب حسن گوندل کو تین سالہ مدت کے لیے الیکشن کمشنر تعینات کیا گیا ہے۔ ان کی ذمہ داریوں میں کھیلوں کی فیڈریشنز کے انتخابات کی نگرانی اور انتخابی عمل میں شفافیت کو یقینی بنانا شامل ہوگا۔

(جاری ہے)

کھیلوں کے فروغ کے لئے پی ایس بی نے ایک پینل آف ایڈجوکیٹرز بھی تشکیل دیا ہے جو الیکشن ٹریبونل کے طور پر بھی خدمات انجام دے گا۔

اس پینل میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات شامل کو شامل کیا گیا ہے جن میں سینیٹر پرویز رشید،اصلاح الدین صدیقی (ہاکی اولمپین) ،منظور الحسن (ہاکی اولمپین)،سلمان اقبال بٹ (ایتھلیٹکس کوچ)، آمنہ بتول (رکن قومی اسمبلی) ،سینیٹر روبینہ عرفان اورشکیل درانی (سابقہ سول سرونٹ) شامل ہیں ۔یہ پینل کھیلوں کے معاملات میں تنازعات کے حل، اخلاقی ضابطوں پر عمل درآمد اور حکمرانی کے اصولوں کی پاسداری کو یقینی بنانے میں کردار ادا کرے گا۔

اس تاریخی اقدام سے کھیلوں کے شعبے میں نظم و ضبط اور شفافیت کو فروغ ملے گا اور بے ضابطگیوں کے خاتمے میں مدد ملے گی۔پاکستان اسپورٹس بورڈ کے اس فیصلے کو ماہرین اور کھلاڑیوں کی جانب سے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جو ملک میں کھیلوں کے انتظامی معاملات میں بہتری لانے میں مددگار ثابت ہوگی۔