آئی سی سی آئی کے وفد کی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کو وفاقی کابینہ میں شمولیت پر مبارکباد

جمعہ 7 مارچ 2025 18:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کا ایک وفد صدر چیمبر ناصر منصور قریشی کی قیادت میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کو وفاقی کابینہ میں شمولیت پر مبارکباد دینے کے لئے ان کی رہائش گاہ پر گیا۔ وفد میں سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی، نائب صدر ناصر محمود چوہدری، چیئرمین فاؤنڈر گروپ طارق صادق، ایف پی سی سی آئی کے سابق صدور زبیر احمد ملک اور عبدالرؤف عالم، آئی سی سی آئی کے سابق صدر خالد جاوید، سینئر نائب صدر انڈسٹریل ایریا ایسوسی ایشن محمود احمد وڑائچ، ایگزیکٹو ممبران ثناء اللہ خان، طاہر ایوب ، نوید ستی، ملک محسن خالد، عرفان چوہدری اور آئی سی سی آئی کے صدر کے خصوصی مشیر نعیم صدیقی شامل تھے۔

تاجر برادری کی جانب سے ناصر منصور قریشی نے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کو مبارکباد پیش کی اور اس یقین کا اظہار کیا کہ کابینہ میں ان کی شمولیت سے معاشی ترقی، کاروبار کرنے میں آسانی اور تجارت و صنعت کے لئے بہتر سہولتیں فراہم کرنے والی پالیسیاں سامنے آئیں گی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے معیشت کے حقیقی انجن کے طور پر کاروباری برادری کے اہم کردار کو تسلیم کیا اور کہا کہ ان کی خدمات قومی اقتصادی ترقی کے لئے ان کے مضبوط عزم کی عکاس ہیں۔

انہوں نے کاروباری برادری کے مسائل کو حل کرنے اور سازگار کاروباری ماحول پیدا کرنے کے لیے نجی شعبے اور حکومت کے درمیان پل کے طور پر کام کرنے پر آئی سی سی آئی کی قیادت کی تعریف کی۔آئی سی سی آئی کے وفد نے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کاروباری شعبے کے چیلنجوں سے نمٹنے اور ملک کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے لئے اجتماعی طور پر کردار ادا کرنے کے لئے حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے پر آمادگی کا اعادہ کیا۔