محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی اور محمود گروپ آف ایگریکلچر اینڈ فوڈ پرائیویٹ لمیٹڈ کے مابین باہمی تعاون کے دو معاہدے طے پا گئے

جمعہ 7 مارچ 2025 21:14

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2025ء) محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان اور محمود گروپ آف ایگریکلچر اینڈ فوڈ پرائیویٹ لمیٹڈ ملتان کے درمیان باہمی تعاون کے دو معاہدے طے پا گئے۔جمعہ کے روز یہاں وائس چانسلر محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ اورمحمود گروپ کے خواجہ محمد جواد نے معاہدے پر دستخط کیے اورمستقبل میں باہمی تعاون کو وسعت دینے کا اعادہ کیا۔

(جاری ہے)

پہلے معاہدے کے تحت محمود گروپ ہر سال نواز شریف زرعی یونیورسٹی کے آٹھ طلبہ کو سکالرشپ فراہم کرے گا اور ہر سال خواجہ مسعود گولڈ میڈل کے نام سے یونیورسٹی کے ہونہار طلبہ کو نوازا جائے گا۔جبکہ دوسرے معاہدے کے تحت محمود گروپ طلبہ کو سالانہ وظیفے کے ساتھ انٹرن شپ پروگرام کے ساتھ ہی ریسرچ کے لیے مالی معاونت بھی فراہم کرے گا۔اس موقع پر محمود گروپ سے محمد عرفان اور حمزہ منیر جبکہ محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان کی طرف سے ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز ڈاکٹر محکم حماد، ڈاکٹر کاشف رزاق، ڈاکٹر سمیع اللہ اور ڈاکٹر عمیر ریاض سمیت دیگربھی موجود تھے۔