‏‎‎خواتین نئی نسل کو پروان چڑھا نے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی بہتر ی کے لیے بھی کام کر رہی ہیں، ایف پی سی سی آئی قیادت

ہفتہ 8 مارچ 2025 12:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مارچ2025ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی )کے عہدےداروں نے کہا ہے کہ ‏‎خواتین کو ترقی کے یکساں مواقع کی فراہمی حکومتوں کی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے، ‏‎‎خواتین نئی نسل کو پروان چڑھا نے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی بہتر ی کے لیے بھی کام کر رہی ہیں۔ ہفتہ کو عالمی یوم خواتین کے موقع پر اپنے پیغام میں ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ ‏‎ خواتین کے عالمی دن کا بنیادی مقصد انہیں برابری کے حقوق دینے کےعزم کا اعادہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‏‎زندگی کے ہر شعبے میں خواتین اپنا حصہ ڈال رہی ہیں اور ملکی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے۔

(جاری ہے)

عاطف اکرام شیخ نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ہفتہ کو اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین کو مساوی مواقع اور سازگار ماحول فراہم کرکے ہی جامع اور پائیدار سماجی و معاشی ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے، ‏‎دفاع سے تجارت، تعلیم و طب سے لے کر سائنس و ٹیکنالوجی اور صحافت تک ہر شعبے میں خواتین اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوارہی ہیں۔

ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر طارق جدون نے کہا کہ ‏‎حضرت محمد ﷺنے خواتین کی عزت و احترام کا ہمیں بہترین نمونہ اور رہنمائی عطا فرمائی ہے، امہات المومنین، حضرت فاطمہ الزہرا اور اہل بیت اطہار ہمارے لیے رہنمائی کی بہترین مثالیں ہیں، ‏‎خواتین نے تحریک پاکستان میں نے ناقابل فراموش کردار ادا کیا جن کا کردار تاریخ میں سنہری حروف سے درج ہے ۔

کریم عزیز نے خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نےمعاشرے کے ہر شعبے کی تعمیر کے لیے کلیدی کردار ادا کیا، ‏‎ترقی پسند معاشرے کی تشکیل کے لیے خواتین کو قومی دھارے میں لانا ناگزیر ہے، عا ‎لمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں خواتین پر ہونے والے مظالم کو بند کرانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔ ایف پی سی سی آئی کے چیئرمین کوآرڈنیشن ملک سہیل نے اپنے پیغام میں کہا کہ ‏‎ خواتین کو ہر شعبے میں یکساں مواقع فراہم کرکے ملک کو تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے، ‏‎خواتین کو ترقی کے یکساں مواقع کی فراہمی حکومتوں کی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے، ‏‎‎خواتین نئی نسل کو پروان چڑھا نے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی بہتر ی کے لیے بھی کام کر رہی ہیں۔