پی ایف سی نے جیلوں میں بند قیدیوں کو فرنیچر کا کام سکھانے کیلئے مفت تربیت کی پیشکش کی ہے، میاں کاشف اشفاق

اتوار 9 مارچ 2025 11:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مارچ2025ء) پنجاب کی جیلوں میں بند قیدیوں کو فرنیچر کے ہنر مند کاریگر بنانے کے لیے پاکستان فرنیچر کونسل نے انہیں مفت خصوصی تربیت فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ اتوار کو یہاں انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات میں فاروق نذیر سے ملاقات کے دوران پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے قیدیوں کیلئے مفت تربیتی پیکج، اس کے طریقہ کار اور سرکاری و نجی شعبے کے درمیان تعاون کے دائرہ کار پر تبادلہ خیال کیا۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو فرنیچر کے ہنر مند کارکنوں کی شدید کمی کا سامنا ہے اس لیے ہم نے اصولی طور پر طے کیا ہے کہ جیلوں میں بند قیدیوں کو جدید سائنسی خطوط پر تربیت دے کر انہیں معاشرے کا کار آمد شہری بنایا جائے اور کاریگروں کی کمی کو بھی پورا کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پیشکش کی کہ مناسب تربیت کی تکمیل کے بعد رہائی پر انہیں اچھی تنخواہوں پر فرنیچر بنانے والی فیکٹریوں میں ملازمت مہیا کی جائے گی۔

اس موقع پر پی ایف سی کے ایڈوائزر ڈاکٹر وقار چوہدری نے کہا کہ زیادہ تعداد میں قیدیوں کو راغب کرنے کیلئے کام سیکھنے والے قیدیوں کو پی ایف سی کی طرف سے دوران تربیت معقول ماہانہ وظیفہ دینے پر بھی غور ہو سکتا ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ ابتدائی طور پر 6ماہ دورانیہ کا کورس لاہور، بہاولپور، فیصل آباد اور راولپنڈی کی سنٹرل جیلوں میں شروع کیا جا سکتا ہے اور دوپہر کا کھانا بھی فراہم کیا جائے گا، اس کام کیلئے پی ایف سی اعلی درجے کے ٹرینرز فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے منڈلاتے خطرے کو دور کرنے اور ملک کی لکڑی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت اگانے کی اہمیت پر خصوصی لیکچرز بھی دیے جائیں گے۔ آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر نے پی ایف سی کے جذبہ خیر سگالی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس پیشکش کا مکمل جائزہ لینے کے بعد پورا فائدہ اٹھایا جائے گا۔