رضا ربانی کا پروڈکشن آرڈر پر عمل نہ کرنے والے افسران کی برطرفی کا مطالبہ

پارلیمان کی خودمختاری کیلئے سپیکر قومی اسمبلی کو بھی چیئرمین سینیٹ کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے،بیان

اتوار 9 مارچ 2025 22:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2025ء)سابق چیئرمین سینیٹ سینیٹر میاں رضا ربانی نے پروڈکشن آرڈر پر عمل نہ کرنے والے افسران کو ملازمت سے برطرف کرنے کا مطالبہ کردیا۔ایک بیان میں رضاربانی نے پی ٹی آئی کے سینیٹر اعجاز چوہدری کو پروڈکشن آرڈر پر پیش نہ کرنے کی مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پروڈکشن آرڈر پر عملدرآمد میں ناکامی پارلیمنٹ کو کمزور کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔

(جاری ہے)

سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ استحقاق کمیٹی کو سینیٹر اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر پر عملدرآمد نہ کرنے کے ذمہ دار افسروں کو سزا کے ساتھ ملازمت سے بھی برطرف کرنا چاہیے۔انہوںنے کہاکہ جن افسران نے ایوان کے ارکان کی گرفتاری سے چیئرمین سینیٹ کو آگاہ نہیں کیا ان کیخلاف توہین پارلیمنٹ کی کارروائی کی جائے۔رضا ربانی نے کہا کہ پارلیمان کی خودمختاری کیلئے سپیکر قومی اسمبلی کو بھی چیئرمین سینیٹ کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔