معاشی خوشحالی کے لیے طویل المدتی اقتصادی پالیسیاں ناگزیر ہیں، ناصر قریشی

پیر 10 مارچ 2025 17:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے پاکستان کو دیرپا ترقی اور خوشحالی کی طرف لے جانے کے لیے پائیدار اور طویل مدتی اقتصادی پالیسیوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔پیر کو کاروباری برادری کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے تسلیم کیا کہ جہاں ملکی معیشت بحالی کے آثار دکھا رہی ہے، وہاں اہم چیلنجز ابھی بھی موجود ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کی حقیقی اقتصادی صلاحیت کو اجاگر کرنے کے لیے سیاسی استحکام اور معاشی پالیسیوں کا تسلسل بہت ضروری ہے۔ حکومت کو معاشی پالیسیاں بناتے وقت صنعت کے رہنماؤں سے مشورہ کرنا چاہیے تاکہ کاروبار کے لیے سازگار ماحول کو یقینی بنایا جا سکے جو اقتصادی ترقی کو معاونت فراہم کرے۔

(جاری ہے)

صدر قریشی نے جدید ترین سہولیات سے آراستہ جدید صنعتی زونز کے قیام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ٹیکس مراعات فراہم کرے، ریگولیٹری رکاوٹوں کو کم کرے اور مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے ان زونز میں لاجسٹک کارکردگی کو بہتر بنائے۔پاکستان کی بے پناہ سیاحتی صلاحیتوں بارے آگاہی دیتے ہوئے صدر قریشی نے بہتر انفراسٹرکچر اور سیاحتی مقامات کے بین الاقوامی فروغ پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایکو ٹورازم، ہیریٹیج ٹورازم اور مذہبی سیاحت کو فروغ دینے سے بڑی تعداد میں بین الاقوامی سیاحوں کو راغب کیا جا سکتا ہے، زرمبادلہ اور روزگار کے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے جامع ٹیکس اصلاحات کی فوری ضرورت پر زور دیا۔صدر قریشی نے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کے لیے آئی سی سی آئی کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تصدیق کی کہ آئی سی سی آئی کاروباری برادری کے تحفظات کو دور کرنے اور معاشی ترقی کے لیے سازگار ماحول کو یقینی بنانے کے لیے وقف ہے۔آئی سی سی آئی کے صدر نے حکومت پر زور دیا کہ وہ کاروباری برادری کے ساتھ مل کر ایسی موثر حکمت عملی تیار کرے جو سرمایہ کاری کو فروغ دے، ملازمتیں پیدا کرے اور طویل مدتی معاشی استحکام کو یقینی بنائے۔