شہری کو غیر قانونی حراست میں رکھنے کیخلاف کیس؛ آئی جی اسلام آباد ہائیکورٹ طلب

پولیس افسران نے بندہ اٹھایا اس کی سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے، شناخت پریڈ کی ضرورت ہی نہیں، وکیل شیر افضل

منگل 11 مارچ 2025 17:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2025ء)پولیس کی جانب سے شہری علی محمد کو مبینہ طور پر غیر قانونی حراست میں رکھنے کے خلاف کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے 13 مارچ کو آئی جی اسلام آباد کو طلب کر لیا۔جسٹس محسن اختر کیانی نے شہری کی درخواست پر سماعت کی۔ ڈی ایس پی لیگل ساجد چیمہ عدالت میں پیش ہوئے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ جی بتائیں پولیس آفیسرز گرفتار ہو چکے ہیں ڈی ایس پی لیگل نے بتایا کہ پولیس آفیشلز کے لیے جوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم بنا دی ہے، پولیس افسران کی شناخت کے لیے درخواست گزار کو بلایا تھا وہ نہیں آئے، ہم نے کال اًپ نوٹس بھیجا اس کا بھی جواب نہیں آیا۔

وکیل شیر افضل مروت نے کہا کہ پولیس افسران نے بندہ اٹھایا اس کی سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے، شناخت پریڈ کی ضرورت ہی نہیں ہے، اغواہ برائے تاوان ایک سنگین مسئلہ ہے۔

(جاری ہے)

شیر افضل مروت نے کہا کہ ایس ایچ او سیکرٹریٹ اور ایس ایس پی سمیت دیگر افسران اپنے عہدوں پر براجمان ہیں، یہ صرف کاغذی کارروائی ہو رہی ہے، اگر حقیقت ہوتی تو یہ افسران عہدوں پر نہ بیٹھے ہوتے، میرے پاس ایس ایس پی کی کال ریکارڈنگ موجود ہے جس میں آفر کی گئی ہے 5 لاکھ لے لیں اور کیس واپس لے لیں۔عدالت نے آئندہ سماعت پر آئی جی اسلام آباد کو ذاتی حیثیت میں طلب کرکے سماعت 13مارچ تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :