نیدرلینڈز کے لیے نامزد سفیر کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ، تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کا عزم

منگل 11 مارچ 2025 17:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2025ء) نیدرلینڈز کے لیے نامزد سفیر سید حیدر شاہ نے پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کیے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی سے چیمبر ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا۔

میٹنگ میں سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی، نائب صدر ناصر محمود چوہدری، ایگزیکٹو ممبران عمران منہاس، راجہ نوید ستی، محمد کلیم اللہ، چوہدری ندیم احمد، عرفان چوہدری، آئی سی سی آئی کے صدر کے سینئر مشیر نعیم صدیقی اور سابق ایگزیکٹو ممبر چوہدری محمد علی نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سفیر سید حیدر شاہ نے پاکستانی اشیاء اور خدمات کے فروغ میں ٹیم ورک کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے آئی سی سی آئی کے اراکین کو یقین دلایا کہ وہ ڈچ مارکیٹ کا بغور جائزہ لیں گے اور پاکستان کی کاروباری اور صنعتی برادری کے ساتھ ضروری معلومات کا اشتراک کریں گے۔ انہوں نے برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ روایتی برآمدات سے ہٹ کر اپنی مصنوعات کو متنوع بنا کر نیدرلینڈز میں تجارتی مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔ سفیر نے آئی سی سی آئی کو دعوت دی کہ وہ نیدرلینڈز کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے سفارشات فراہم کرے۔

انہوں نے خاص طور پر زراعت، ٹیکسٹائل، سافٹ ویئر کی برآمدات اور ہائی ٹیک ویلیو ایڈڈ مصنوعات جیسے اہم شعبوں میں تعاون کے امکانات کو اجاگر کیا۔نامزد سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے کہا کہ اگرچہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان تجارتی تعلقات مثبت ہیں، لیکن تجارتی حجم کو بڑھانے کے لیے اب بھی قابل ذکر امکانات موجود ہیں۔

صدر قریشی نے نشاندہی کی کہ پاکستان میں کاروبار کرنے کی بڑھتی ہوئی لاگت نے برآمد کنندگان کو پڑوسی ممالک کے مقابلے میں نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے پاکستانی برآمد کنندگان کو جی ایس پی پلس سکیم جیسی تجارتی مراعات کے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرنے کے قابل بنانے کے لیے ایک برابری کے میدان کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے نیدرلینڈز کے کاروباری مراکز میں پاکستانی مصنوعات کی نمائشوں کے انعقاد کے امکان کی بھی سفارش کی تاکہ ڈچ کاروباری اداروں کو پاکستانی اشیا اور خدمات کو قریب سے دیکھنے کی پیشکش کی جا سکے، جس سے بالآخر برآمدات میں اضافہ ہو گا۔

سینئر نائب صدر عبدالرحمٰن صدیقی، آئی سی سی آئی کے صدر کے سینئر مشیر نعیم صدیقی اور سابق ایگزیکٹو ممبر چوہدری محمد علی نے بھی پاکستانی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔آئی سی سی آئی کی قیادت نے سفیر کو ہالینڈ کے ساتھ مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا تاکہ پاکستانی کاروبار کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں۔