جنگلی سوروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے،شرافت علی خلجی

جنگلی سوروں کی وجہ سے علاقوں کے مکینوں میں شدید خوف وہراس پایا جاتا ہے،رہنماء (ن)لیگ

بدھ 12 مارچ 2025 20:14

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2025ء)مرکزی سیکرٹری اطلاعات ونشریات مسلم لیگ ن یوتھ ونگ آزاد جموں وکشمیر شرافت علی خلجی نے محکمہ وائلڈ لائف سے بھرپور مطالبہ کیا ہے کہ چناری اور گردونواح میں جنگلی سوروں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے جنگلی سوروں کی وجہ سے علاقوں کے مکینوں میں شدید خوف وہراس پایا جاتا ہے گذشتہ روز جنگلی سوروں کے گروہ نے ایک خاتون پر حملہ کیا جو شدید زخمی ہوئی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ خونخوار جانوروں کی آبادیوں میں آنے سے روکنے کے لئے فوری عملی اقدامات کئے جائیں بصورت دیگر کسی بھی وقت کوئی بڑا جانی نقصان ہوا تو تمام تر ذمہ داری موجودہ حکومت کی ہو گی۔انھوں نے کہا کہ جنگلی حیات کی بڑی تعداد خوراک کی تلاش میں آبادیوں کا رخ کر رہی ہے جو کہ باعث تشویش ہے چند دن قبل میں چناری کے محلے میں چیتے نے حملہ کیا ان واقعات کے بعد عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ محکمہ وائلڈ لائف ہوش کے ناخن لے اور فوری عملی اقدامات کرے اور تمام جنگلی جانوروں کو پکڑے اور واپس جنگل میں چھوڑے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکے۔