سانحہ گجرات کے پولیس شہدا کی 13ویں برسی جمعرات کو منائی گئی

جمعرات 13 مارچ 2025 11:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2025ء) سانحہ گجرات میں شہید ہونے والے پنجاب پولیس کے چار بہادر افسران و اہلکاروں کی 13ویں برسی جمعرات کو منائی گئی۔ترجمان پنجاب پولیس کےمطابق اس موقع پر سینٹرل پولیس آفس لاہور میں شہدا کی یاد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

انسپکٹر جنرل پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فرض کی راہ میں جانیں قربان کرنے والے عظیم سپوتوں اور ان کی فیملیز کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کے اہلخانہ کی ہر ممکن داد رسی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس فورس اپنے ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ واضح رہے کہ 13 مارچ 2012 کو دورانِ ڈیوٹی دہشت گردوں کے حملے میں پنجاب پولیس کے 4 افسران اور اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔ شہدا میں اے ایس آئی محمد ارشد، کانسٹیبل قمر علی، کانسٹیبل سیرت عباس اور کانسٹیبل صبغت اعظم شامل تھے۔