برطانوی شہزادہ ولیم 20 مارچ سے ایسٹونیا کا 2 روزہ دورہ ،نیٹو آپریشنز میں شامل برطانوی فوجیوں سے ملاقات کریں گے

جمعرات 13 مارچ 2025 15:45

برطانوی شہزادہ ولیم 20 مارچ سے ایسٹونیا کا 2 روزہ دورہ ،نیٹو آپریشنز ..
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2025ء) برطانوی ولی عہد شہزادہ ولیم اتحادیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے اور اتحاد کے مشرقی کنارے کے دفاع کے لیے اپنی وابستگی کو اجاگر کرنے کے لیے برطانوی مہم کے ایک حصے کے طور پر 20 مارچ سے ایسٹونیا کا 2 روزہ دورہ کریں گے اور نیٹو آپریشنز میں شامل برطانوی فوجیوں سے ملاقات کریں گے۔ برطاونی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ان کے دفتر کینسنگٹن پیلس نے گزشتہ روز کہا کہ 20 مارچ سے شروع ہونے والے دو روزہ دورے کے دوران برطانوی شہزادہ ولیم دارالحکومت ٹالن میں ملاقاتیں بھی کریں گے تاکہ اس بارے میں مزید معلومات حاصل کی جا سکیں کہ یوکرین میں جاری تنازعہ پر ملک نے کس طرح کا ردعمل ظاہر کیا ہے۔

کینسنگٹن پیلس نے کہا کہ شہزادہ ولیم ایسٹونیاکے صدر الار کریس سے بھی ملاقات کریں گے اور قابل تجدید توانائی اور ٹیکنالوجی میں ملک کی اختراعات بارے جانیں گے۔

(جاری ہے)

’’آپریشن کیبرٹ‘‘کے حصے کے طور پر براطنیہ کے ایسٹونیا اور پولینڈ میں مقیم تقریباً 900 فوجی ہیں، جو یوکرین بحران کے بعد نیٹو کے مشرقی حصے میں طاقت بڑھانے میں برطانوی شراکت ہے۔ واضح رہے کہ برطانوی شہزادے کا دورہ ایسے وقت میں آیا ہے جب برطانیہ اور دیگر یورپی اتحادیوں نے دفاعی اخراجات میں اضافہ کیا ہے۔