روسی صدر نے یوکرین کی سیکورٹی ضمانت منظور کرلی ہے

ہمارا سادہ سے مقصد ہے کہ قتل و غارت رک جائے، مستقبل قریب میں روس یوکرین امن معاہدہ ہو سکتا ہے، امریکی صدر کا اعلان

muhammad ali محمد علی منگل 19 اگست 2025 00:36

روسی صدر نے یوکرین کی سیکورٹی ضمانت منظور کرلی ہے
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 اگست2025ء) امریکی صدر کا کہنا ہے کہ روسی صدر نے یوکرین کی سیکورٹی ضمانت منظور کرلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی کی وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ٹرمپ اور یورپی رہنماؤں سے اہم ملاقات ہوئی، یوکرین روس جنگ کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہمارا سادہ سے مقصد ہے کہ قتل و غارت رک جائے، مستقبل قریب میں روس یوکرین امن معاہدہ ہو سکتا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ میرا خیال ہے روسی صدربھی جنگ کا خاتمہ چاہتےہیں، ہم چاہتے ہیں جنگ سب کےلیے بہتر انداز میں ختم ہو۔ ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ روس اوریوکرین کے صدور جنگ کا خاتمہ چاہتےہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ نہیں چاہتا کہ معاملہ سال دوسال کے لیےحل ہو اورپھرلڑائی شروع ہوجائے، یوکرین میں جنگ روکنے کا اچھا موقع ہے، یوکرین کےلوگوں کی خوشحالی چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

صدر ٹرمپ نے کہا کہ معاملات ٹھیک رہے تویوکرین اور روسی صدور کے ساتھ سہ فریقی میٹنگ کریں گے، ہم روس اوریوکرین کے درمیان دیرپا امن قائم کریں گے۔ امریکی صدر نے وضح کیا کہ روس یوکرین کے درمیان جنگ ختم ہوگی، کب ہوگی یہ نہیں بتاسکتا، چاہتا ہوں دنیا میں امن ہو، سب تجارت کریں، یوکرین میں جنگ روکنے کا اچھا موقع ہے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ امن قائم کرنے اور برقرار رکھنے کے لیے روس، یوکرین اور باقی سب کے ساتھ مل کر کام کریں گے، یوکرین اور یورپی رہنماؤں سے ملاقات میں سکیورٹی ضمانتوں پر بات کروں گا، ملاقاتوں کے بعد روسی صدر سے بھی فون پر بات کروں گا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا کہ جنگ کے خاتمے کے لیے صدر ٹرمپ کے سفارتی راستے کی حمایت کرتے ہیں، ہمیں جنگ کے خاتمے کی حمایت کرنی چاہیے۔ ملاقات میں صدر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ ہم کیسےمحفوظ رہ سکتے ہیں، ہمیں اپنی سکیورٹی کی ضمانت چاہیے۔ اس سے قبل صدر ٹرمپ نے یوکرینی ہم منصب ولادیمیر زیلنسکی اور متعدد یورپی رہنماؤں کا پُرتپاک استقبال کیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ آج وائٹ ہاؤس میں بڑا دن ہے، ہم نے ایک ہی وقت میں کبھی اتنے زیادہ یورپی رہنماؤں کی میزبانی نہیں کی۔ صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ یہ امریکا کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے، دیکھتے ہیں روس یوکرین جنگ کے خاتمے سے متعلق کیا نتائج نکلتے ہیں۔