خیبرپختونخوا کے وزیر زراعت کی زیر صدارت ضم اضلاع کے اراکین صوبائی اسمبلی کا اجلاس، زرعی منصوبوں بارے بریفنگ دی گئی

جمعہ 14 مارچ 2025 09:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2025ء) خیبرپختونخوا کے وزیر زراعت میجر( ر)سجاد بارکوال کی زیر صدارت ضم اضلاع کے اراکین صوبائی اسمبلی کا ایک اجلاس پشاور میں منعقد ہوا۔ جس میں اراکین صوبائی اسمبلی آصف محسود، انورزیب، ڈاکٹر حمید الرحمان، ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع اورڈائریکٹر جنرل سائل کنزرویشن سمیت محکمہ زراعت کے دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پرضم اضلاع سے متعلق محکمہ زراعت کے مختلف منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے ورلڈ بینک اور محکمہ زراعت کے باہمی اشتراک سے شروع ہونے والے ٹنل فارمنگ اور ورٹیکل فارمنگ ٹیکنالوجیز بارے شرکا کو آگاہ کیاگیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضم اضلاع میں محکمہ زراعت کے شعبہ زراعت توسیع، زراعت انجینئرنگ،زراعت ریسرچ اور سائل کنزرویشن کے مختلف منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان منصوبوں سے ضم اضلاع کی بنجر اراضی کو قابل کاشت بنانے کےلئےاقدامات کیے جائیں گے۔صوبائی وزیر زراعت میجر ریٹائرڈ سجاد بارکوال نے اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا کہ منصوبوں میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا اورکسی قسم کی بدعنوانی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ضم اضلاع کے زمینداروں کی بہبود اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ضم اضلاع کے زمینداروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور آسانیاں دینے کے عزم کا اظہار کیا۔جبکہ اراکین صوبائی اسمبلی نے منصوبوں کی بہتری کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں۔