بی جے پی عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دے رہی ہے،محبوبہ مفتی

جمعہ 14 مارچ 2025 11:37

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی بھارتی حکومت عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے فرقہ وارانہ کشیدگی کو دانستہ طور پر ہوا دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اپنے مذموم سیاسی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے معاشرے میں دوریاں پیدا کرنےکا کام کر رہی ہے اور وہ مسلمانوں کو خاص طور پر نشانہ بنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ زعفرانی جماعت تفرقہ انگیز سیاست کررہی ہے اور وہ اپنا ووٹ بنک مضبوط کرنے کیلئے فرقہ واریت کو خوب ہوا دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت معاشی بدحالی اوربے روزگاری عروج پر ہے لیکن بی جے پی کو اس کی کوئی فکر نہیں اور اسکا سارا دھیان مذہبی اختلافات پیدا کرنے کی طرف ہے۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ بی جے پی کی سیاست کے انتہائی سنگین مضمرات ہوں گے ، اسکی تقسیم کی سیاست بھارت کو عدم استحکام کی طرف دھکیل رہی ہے۔انہوں نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ بی جے پی کی فرقہ وارانہ سیاست سے ہوشیار رہیں ۔