زرعی تحقیق کے اداروں کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں ، کمشنر عامر کریم خان

جمعہ 14 مارچ 2025 15:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2025ء) کمشنر ملتان عامر کریم خان نے زرعی تحقیق کے اداروں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئےکہا ہے کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے، لیکن زرعی تحقیق کے ادارے خاطر خواہ کام نہیں کر رہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی ریسرچ اداروں کی 10 سالہ کارکردگی کے جائزہ بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

کمشنر عامر کریم خان نے زرعی تحقیق کے فقدان پر تشویش کا اظہار کیا اور زراعت میں جدید اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ تحقیق کے بغیر جدید زراعت کا تصور ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی مٹی کے تجزیے، جدید کھادوں کے استعمال، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور پانی کے موثر استعمال کے حوالے سے مناسب تربیت ناگزیر ہے۔ تحقیقی ادارے کسانوں کے لیے باقاعدہ تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کریں تاکہ جدید زرعی طریقوں سے آگاہی حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی زرعی برآمدات کو عالمی معیار کے مطابق تیار کرنے کے لیے جدید سائنسی طریقے اپنائے جا ئیں۔