متحدہ عرب امارات،ڈرونز کے لیے سرٹیفیکیشن کا قومی ضابطہ متعارف

ضابطہ ان اداروں کے لیے جامع فریم ورک فراہم کرتا ہے جو ڈرونز کے لیے ایئر نیویگیشن سروسز فراہم کرنا چاہتے ہیں،بیان

جمعہ 14 مارچ 2025 17:46

متحدہ عرب امارات،ڈرونز کے لیے سرٹیفیکیشن کا قومی ضابطہ متعارف
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2025ء)متحدہ عرب امارات میں ڈرونز کے لیے ایئر نیویگیشن سروس فراہم کنندگان کی سرٹیفیکیشن کا قومی ضابطہ متعارف کرا دیا گیا۔امارات نیوز ایجنسی کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے خطے میں پہلی بار بغیر پائلٹ طیاروں (ڈرونز) کے لیے ایئر نیویگیشن سروس فراہم کنندگان کی سرٹیفیکیشن کا قومی ضابطہ کار ائر سپیس پارٹ یو سپیس متعارف کرایا ہے۔

یہ ضابطہ ان اداروں کے لیے ایک جامع فریم ورک فراہم کرتا ہے جو ڈرونز کے لیے ایئر نیویگیشن سروسز فراہم کرنا چاہتے ہیں۔یہ نیا ضابطہ ایک مربوط حکمت عملی کے تحت تیار کیا گیا ہے اور ڈرون ایئر نیویگیشن سروس فراہم کنندگان کی سرٹیفیکیشن کے ہر اہم پہلو کا احاطہ کرتا ہے، جن میں معاہدہ بندی، تربیت، کوالٹی ایشورنس، حفاظت، مستقبل کی منصوبہ بندی، آڈٹنگ، اور سرٹیفیکیشن شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس کا مقصد ڈرون آپریشنز کو موجودہ ہوا بازی کے نظام میں موثر طریقے سے ضم کرنا اور لائسنس یافتہ اداروں کے ذریعے ڈرونز کے لیے مخصوص ایئر نیویگیشن سروسز فراہم کر کے متحدہ عرب امارات کی فضائی حدود کو زیادہ مربوط، موثر اور محفوظ بنانا ہے۔ڈرون ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کے ساتھ، بغیر پائلٹ طیاروں کے لیے فضائی حدود کی طلب میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے۔متوقع طور پر آئندہ سالوں میں متحدہ عرب امارات میں ڈرون آپریشنز کی تعداد دوگنا ہو جائے گی، جس کی بنیادی وجوہات تکنیکی ترقی اور خودکار فضائی نظاموں پر بڑھتا ہوا انحصار ہیں۔