Live Updates

بلوچستان میں ٹیلنٹ موجود،مواقع میسر نہ ہونے سے نوجوان پیچھے رہ گئے ہیں، نواب ثناء اللہ زہری

جمعہ 9 مئی 2025 17:54

بلوچستان میں ٹیلنٹ موجود،مواقع میسر نہ ہونے سے نوجوان پیچھے رہ گئے ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء)پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء، سابق وزیراعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ٹیلنٹ موجود ہے لیکن بدقسمتی سے مواقع میسر نہ ہونے کے باعث بلوچستان کے ہونہار نوجوان پیچھے رہ گئے ہیں ملک کے نامور قومی کھلاڑیوں کو بلوچستان میں کرکٹ کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں قومی کرکٹ ٹیم کے ریٹائرڈ اور نامور کھلاڑیوں سے ملاقات میں کیا۔سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری ،مشیر برائے بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری سے پاکستان کے معروف سابق کرکٹرز انضمام الحق ،معین خان ،ثقلین مشتاق نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار حاجی صلاح الدین زہری، میر عبدالنبی زہری،خان محمد زہری، عبدالخالق زہری بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں بلوچستان میں کرکٹ کی ترقی، نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی اور انفراسٹرکچر کی بہتری پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، قومی کرکٹرز سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیر اعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں نہ صرف کرکٹ بلکہ کھیل کے ہر میدان میں اپنا ٹینٹ منوانے کا ہنر موجود ہے لیکن بدقسمتی سے انہیں مواقع دستیاب نہیں ہوتے جس کی وجہ سے پیچھے رہ جاتے ہیں۔

نواب ثناء اللہ زہری نے قومی کرکٹرز سے کہا کہ بلوچستان میں کرکٹ کے فروغ سے نہ صرف نوجوانوں کو ٹیلنٹ پیش کرنے کا موقع دستیاب ہوگا بلکہ بلوچستان میں کھیل کے میدان بھی آباد رہیں گے سابق وزیر اعلی بلوچستان نواب ثناء زہری نے سابق کرکٹرز کو بلوچستان کے دورے کی دعوت دی تاکہ وہ مقامی کھلاڑیوں کی رہنمائی کریں اور کرکٹ کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں ملاقات میں قومی کرکٹرز نے بلوچستان میں ٹیلنٹ کی موجودگی کو سراہا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات