قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے طلباء کا ملائشیا میں سمسٹر ایکسچینج پروگرام کے سمسٹر کا آغاز

جمعہ 14 مارچ 2025 17:58

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2025ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے 24 طلباء نے تعلیمی اور ثقافتی سفر کا آغازکرتے ہوئے ملائشیا میں INTI انٹرنیشنل یونیورسٹی میں سمسٹر ایکسچینج پروگرام کے تحت سمسٹر کا آغاز کردیا۔شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق یہ موقع یونیورسٹی کی طرف سے اپنے طلباء کو عالمی سطح پر تجربات حاصل کرنے اور ثقافتی تنوع میں سیکھنے کے لیے فراہم کیا گیا ہے۔

سمسٹر ایکسچینج پروگرام کے دوران جامعہ قراقرم کے طلباء اپنے تعلیم وتحقیق کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر سے آئے ہوئے طلباء کے ساتھ بیٹھنے اور تعلیم حاصل کرنے کا موقع میسر آئے گا۔ یہ پروگرام طلباء کو عملی تجربات فراہم کرنے، عالمی سطح پر روابط بڑھانے اور ان کی ذاتی اور پیشہ ورانہ ترقی میں مدد فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

اس پروگرام کے تحت طلباء ایک کثیر الثقافتی ماحول میں مشغول ہوں گے جو انہیں عالمی نقطہ نظر کو سمجھنے اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرے گا۔

اس موقع پر جامعہ کے قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالحمیدلون نے کہاکہ سیمسٹر ایکسچینج پروگرام طلباء کو عالمی ماحول میں کامیابی کے لیے تیار کرے گا اور انہیں ایک کامیاب کیریئر کے لیے ضروری مہارتیں فراہم کرے گا۔انہوں نے کہاکہ یہ ایکسچینج پروگرام قراقرم نٹرنیشنل یونیورسٹی کی عالمی تعلیمی روابط کو مستحکم کرنے کی ایک اہم کڑی ہے،اس تعاون کے ذریعے جامعہ قراقرم اپنے طلباء کو کلاس روم سے باہر بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہا ہے تاکہ وہ مختلف شعبوں میں قائدانہ کردار ادا کر سکیں،یہ پروگرام نہ صرف طلباء کی تعلیمی ترقی میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ جامعہ قراقرم کی عالمی سطح پر موجودگی کو مزید مستحکم کرے گا۔

واضح رہے کہ یہ پروگرام گزشتہ سال جامعہ قراقرم کے شعبہ کیمسٹری کی جانب سے منعقد کی جانے والی بین الاقوامی کانفرنس کے ثمرات کانتیجہ ہے،جس کے انعقاد میں شعبہ کیمسٹری کے ہیڈ ڈاکٹر افتخار علی اور ان کی ٹیم انتھک محنت شامل تھی۔اسی بین الاقوامی کانفرنس کے دوران INTI انٹرنیشنل یونیورسٹی ملائشیا کے ساتھ تعلیم وتحقیق،طلباء تبادلہ پروگرام سمیت مختلف امور کے بارے میں باہمی تعاون کے سمجھوتے پر دستخط ہوا تھا۔

متعلقہ عنوان :