پاکستان کے فوڈ سیکٹر کے تجارتی وفد کو دورہ سعودی عرب کے دوران زبردست پذیرائی ملی ، سیف الرحمان

اتوار 16 مارچ 2025 11:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2025ء) پاکستان کے فوڈ سیکٹر سے تعلق رکھنے والے تجارتی وفد کو دورہ سعودی عرب کے دوران زبردست پذیرائی ملی ہے۔ ریاض سے اتوار کو یہاں موصول ہونے والے پیغام کے مطابق وفد کے سربراہ اور وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا کہ وفد تجارتی مواقع، سرمایہ کاری اور غذائی مصنوعات خصوصا اسنیکس کی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے سعودی عرب کے دورے پر ہے۔

(جاری ہے)

وفد سعودی فوڈ امپورٹرز، ڈسٹری بیوٹرز اور ریٹیلرز کے ساتھ نتیجہ خیز میٹنگز میں مصروف ہے جنہوں نے طویل مدتی شراکت داری قائم کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوراک کی پیداوار، پراسیسنگ اور ڈسٹری بیوشن کو بہتر بنانے کے لیے پاکستانی اور سعودی کارپوریٹ سیکٹرز کے درمیان مشترکہ منصوبوں کے لیے روزانہ بات چیت جاری ہے،ہم حلال اور آرگینک فوڈ پراڈکٹس کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کے لیے سعودی عرب میں مینوفیکچرنگ یونٹس قائم کرنے کے مواقع بھی تلاش کر رہے ہیں۔ سیف الرحمان نے کہا کہ ہم ایسے معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے بارے میں پر امید ہیں جن سے برآمدات کو فروغ ملے گا اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔