جاپان میں بسنے والے پاکستانی ہمارے حقیقی سفیر ہیں،پاکستانی سفیر

پاکستانیوں کو چاہیے کہ تمام اختلافات بھلا کر ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کریں اور جاپان میں پاکستان کے لیے خدمات انجام دیں

اتوار 16 مارچ 2025 14:00

ٹوکیو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2025ء)جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کے صدر،صدارتی ایوارڈ یافتہ کالم نگار محمد عرفان صدیقی کی جانب سے پاکستانی کمیونٹی کے اعزاز میں افطار ڈنر، سفیر پاکستان رضا بشیر تاڑر بطور مہمان خصوصی شریک،شاندار افطار ڈنر کی میزبانی جاپان انٹرنیشنل پریس کلب کے صدر اور صدارتی ایوارڈ یافتہ کالم نگار محمد عرفان صدیقی نے کی۔

جبکہ تقریب کی نظامت کے فرائض عرفان صدیقی اور شاہد مجید نے مشترکہ طور پر کی یہ پر وقار تقریب ٹوکیو کے مرکزی علاقے ٹوکیو ٹاور میں واقع معروف پاکستانی ریسٹورنٹ‘‘صدیق پیلس’’میں منعقد ہوئی، جہاں جاپان بھر سے تعلق رکھنے والی پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب میں پاکستان کے سفیر برائے جاپان رضا بشیر تارڑ،مسلم لیگ (ن) جاپان کے چیئرمین ملک محمد یونس،پیپلز پارٹی جاپان کے صدر شاہد مجید،پاکستان ایسوسی ایشن جاپان کے سابق صدر چوہدری آصف محمود، تحریک منہاج القرآن جاپان کے امیر علامہ نفیس قادری، معروف عالم دین قاری علی حسن، علامہ شکیل ثانی، پختون برادری کے سردار طیب خان اچکزئی اور ان کے صاحبزادے، سینئر پاکستانی الحاج فواد، انیس خان، عتیق خان،شہریار ساندھو، جمیل گجر، چوہدری شعیب، ملک سلیم بوئکی، الطاف غفار، نورالدین پنجوانی، محمد داؤد، امین کزانی، ڈاکٹر عدیل اور دیگر معزز شخصیات شامل تھیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ سفارتخانے کے پریس قونصلر مقرب بھی شریک ہوئے، جبکہ مختلف شہروں سے آنے والے مہمانوں میں تویاما سے لالا رفاقت خان، اوساکا سے علی جوہر، ناگانو سے امجد علی تبسم، فوکوشیما سے ملک سلیم اور لالا شفاقت خان نمایاں رہے۔افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ نے جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اتحاد اور یکجہتی کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ‘‘جاپان میں بسنے والے پاکستانی ہمارے حقیقی سفیر ہیں، یہ پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں، اور انہیں چاہیے کہ اپنے اتحاد و اتفاق سے پاکستان کی نیک نامی کا باعث بنیں اور ملک کے مثبت تشخص کو فروغ دیں۔’’انہوں نے مزید کہا کہ‘‘پاکستانیوں کو چاہیے کہ تمام اختلافات بھلا کر ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کریں اور جاپان میں پاکستان کے لیے خدمات انجام دیں۔ایک مضبوط، متحد اور متحرک کمیونٹی ہی ملک کے تشخص کو بہتر بنا سکتی ہے۔