کاشتکاروں کو کپاس کی اگیتی کاشت کیلئے قطاروں کا باہمی فاصلہ 2.5 فٹ اور پودوں کا باہمی فاصلہ 1.5سے2 فٹ رکھنے کی سفارش

پیر 17 مارچ 2025 16:17

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2025ء) محکمہ زراعت نے کپاس کی اگیتی کاشت بارے سفارشات جاری کرتے ہوئے کاشتکاروں کوہدایت کی ہے کہ اگیتی کاشت کیلئے قطاروں کا باہمی فاصلہ 2.5 فٹ اور پودوں کا باہمی فاصلہ 1.5سے2 فٹ رکھا جائے جبکہ بہتر پیداوارکے حصول کیلئے75فیصد سے زیادہ اگاؤ والا 4سے 5 کلو گرام اور 60فیصد اگاؤ والا 5سے6 کلو گرام بر اترا ہوا بیج استعمال کرنے کا بھی مشورہ دیا گیا ہے۔

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت کے مطابق اگیتی کاشت کیلئے سفارش کردہ وقت 31مارچ تک ہے جبکہ کاشتکاروں کو اگیتی کاشت کیلئے ٹرپل جین اقسام سی کے سی01،سی کے سی 3،ایف ایچ 333اورایف ایچ 666کاشت کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بیج کو سفارش کردہ زہر امیڈا کلو پر ڈ+ٹیوبو کونا زول372.5 ایف ایس بحساب 10ملی لیٹر یا ایزوکسی سٹروبن + کلوتھیا نیڈن62.5فیصد بحساب9گرام یا ایزوکسی سٹروبنا+ کلوتھیا نیڈن+فلوڈو کسانل 72 فیصد ڈبلیو ایس بحساب9گرام فی کلو گرام لگا کربیج کو کاشت کیا جا ئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگیتی کاشت کیلئے فیصل آباد،ساہیوال،سرگودھا، ملتان اورڈیرہ غازی خان ڈویژن کے اضلاع زیادہ موزوں ہیں۔انہوں نے کاشتکاروں کو کمزور زمین میں 2بوری ڈی اے پی +سوا 4بوری یوریا+ڈیڑھ بوری ایس او پی،درمیانی زمین میں پونے 2 بوری ڈی اے پی،پونے 4 بوری یوریا،ڈیڑھ بوری ایس او پی اور زرخیز زمین میں ڈیڑھ بوری ڈی اے پی،سوا 3بوری یوریا،ڈیڑ ھ بوری ایس او پی استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ کاشتکارفاسفورس اور پوٹاش والی کھادوں کی تمام مقدار اور نائٹروجنی کھاد کا 1/4 حصہ بوقت تیاری زمین ڈالیں۔غذائی اجزا کی سفارش کردہ مقدار کے حصول کیلئے متبادل کھادیں بھی استعمال کی جا سکتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :