شام کی تعمیرنو پر فوری سرمایہ کاری کی ضرورت، یو این چیف

یو این پیر 17 مارچ 2025 22:00

شام کی تعمیرنو پر فوری سرمایہ کاری کی ضرورت، یو این چیف

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 17 مارچ 2025ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے عالمی برادری سے کہا ہے کہ وہ شام کے مستقبل اور تعمیرنو پر فوری سرمایہ کاری کرے اور انسانی بحران پر قابو پانے کے لیے اس پر عائد پابندیوں کا خاتمہ کیا جائے۔

بیلجیئم میں شام کی صورتحال پر بلائی گئی کانفرنس کے لیے اپنے ویڈیو پیغام میں سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ شام کو درپیش سنگین حالات سے نمٹنے کے لیے امدادی وسائل روکے جانے کے فیصلوں پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔

ملک میں منظم و مشمولہ طور پر سیاسی تبدیلی اور ایسے اداروں کے قیام میں مدد دینا ہو گی جو شام کے تمام لوگوں کے لیے کام کریں اور انہیں تحفظ مہیا کر سکیں۔

ان کا کہنا ہے کہ شام کے مستقبل کا تعین وہاں کے لوگوں نے ہی کرنا ہے اور اقوام متحدہ انہیں آزاد، خوشحال اور پرامن مستقبل کی جانب سفر میں مدد دینے کے لیے تیار ہے۔

(جاری ہے)

اس کانفرنس کا موضوع 'شام کے ساتھ تعاون: کامیاب سیاسی تبدیلی کے تقاضوں کی تکمیل' ہے جو شام کے لوگوں سے یکجہتی اور تعاون کی توثیق کے مقصد سے بلائی گئی ہے۔

تاریخ کا اہم موڑ

سیکرٹری جنرل نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شام اپنی تاریخ کے ایک اہم دوراہے پر کھڑا ہے۔ طویل خانہ جنگی کے بعد اس کے لوگوں کو پرامن، خوشحال اور مشمولہ مستقبل کے لیے اپنی خواہشات کی تکمیل کا تاریخی موقع ملا ہے۔ تاہم اس راہ پر بہت سے مسائل بھی ہیں۔ گزشتہ 14 سال کے دوران ملکی معیشت کو 800 ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے جبکہ اہم خدمات اور تنصیبات کو بری طرح نقصان پہنچا ہے۔

ملک کے اندر اور باہر لاکھوں شامی شہریوں کو بڑے پیمانے پر خوراک، پناہ، بنیادی خدمات اور روزگار کی ضرورت ہے۔ ان میں ہزاروں ایسے لوگ بھی شامل ہیں جو دسمبر کے بعد ملک میں واپس آ گئے ہیں جبکہ 50 لاکھ پناہ گزین تاحال ہمسایہ ممالک میں مقیم ہیں۔

استحکام کا راستہ

انتونیو گوتیرش نے کہا ہے کہ ملک کو دنیا کے ایک بہت بڑے انسانی بحران کا سامنا ہے اور دو تہائی سے زیادہ آبادی کو امداد کی ضرورت ہے۔

تاہم، امدادی مقاصد کے لیے دیے جانے والے مالی وسائل کافی نہیں ہیں۔

سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ شام کے لوگوں کو ایسے مستقبل کی تعمیر میں مدد دینے کا عزم رکھتا ہے جہاں تمام شہری یکساں طور سے مفاہمت، انصاف، آزادی اور خوشحالی سے مستفید ہوں۔ یہی شام کے لیے مستحکم مستقبل کا راستہ ہے۔