Live Updates

پاکستان کی جانب سے بھارت کے جنگی رافیل طیارے گرائے جانے کے بعد چینی فنکاروں نے مزاحیہ ویڈیو بنا ڈالی

چینی فنکاروں کی ویڈیو چین ،پاکستان اور بھارت سمیت دیگر ممالک میں بھی تیزی سے وائرل ہوگئی، صارفین نے اسے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کرتے دکھائی دئیے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 9 مئی 2025 15:41

پاکستان کی جانب سے بھارت کے جنگی رافیل طیارے گرائے جانے کے بعد چینی ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 مئی 2025)پاکستان کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت کے جنگی رافیل طیارے گرائے جانے کے بعد چینی فنکاروں نے مزاحیہ ویڈیو بنا ڈالی، ویڈیو تیزی سے دنیا بھر میں وائرل ہونے لگی،چینی فنکاروں کی ویڈیو نہ صرف چین بلکہ پاکستان اور بھارت سمیت دیگر ممالک میں بھی وائرل ہوگئی اور صارفین نے اسے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کرتے دکھائی دئیے۔

بھارت کے رافیل طیارے گرائے جانے کے بعد جہاں دنیا بھر میں فرانسیسی ٹیکنالوجی سے متعلق سوالات اٹھائے جانے لگے ہیں وہیں چینی فنکاروں نے بھی بھارت کے جنگی جہاز گرائے جانے پر مزاحیہ ویڈیو بنا ڈالی۔چینی فنکاروں کی جانب سے چینی زبان میں بنائی گئی ویڈیو میں چار فنکاروں کو بھارتی لباس میں دیکھا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

چاروں فنکار چینی زبان میں رونا روتے دکھائی دیتے ہیں کہ بھارت نے مر مر کے پیسے جمع کرکے چند رافیل طیارے خریدے تھے اس میں سے بھی پاکستان نے طیارے گرا کر اربوں روپے کا نقصان دے ڈالا۔

اگرچہ گانے کو چینی زبان میں جاری کیا گیا تاہم فنکاروں کی فنکاری کی وجہ سے گانے کے بول آسانی سے سمجھ آجاتے ہیں اور اندازہ ہوتا ہے کہ بھارتی کس طرح پاکستان کی جانب سے رافیل طیارے گرائے جانے کے بعد غمزدہ ہیں۔یاد رہے کہ جنگی جنون میں مبتلا بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان کے مختلف شہروں پر حملے کئے تھے جس پر جوابی کارروائی میں پاکستان نے انڈیا کے فرانسیسی ساختہ جنگی جہاز رافیل مار گرائے تھے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی عہدیداروں نے تصدیق کی تھی کہ پاکستان نے چینی ساختہ "جے 10" طیاروں سے 2 بھارتی جہاز مار گرائے تھے۔ بھارت کے مار گرائے جانے والے جنگی طیاروں میں سے کم از کم ایک فرانسیسی ساختہ جنگی طیارہ رافیل بھی تھا۔ تفصیلات کے مطابق مستند غیر ملکی میڈیا کے بعد اب امریکی ذرائع نے بھی حالیہ پاک بھارت فضائی جھڑپ کے دوران پاک فضائیہ کے ہاتھوں بھارتی جنگی طیاروں کو مار گرائے جانے کی تصدیق کر دی تھی۔

فرانسیسی انٹیلی جنس ذرائع کے بعد امریکا عہدیداروں کی جانب سے بھی پاک فضائیہ کے ہاتھوں بھارت کی عبرت ناک شکست کی تصدیق کر دی گئی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائیٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے دو امریکی عہدیداروں نے بتایا تھاکہ انہیں اس بات کا پختہ یقین ہے کہ پاکستان نے بھارتی جنگی طیاروں کے خلاف فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل داغنے کیلئے چینی ساختہ " جے 10" جنگی طیارے کا استعمال کیاتھا۔

امریکی عہدیداروں کے مطابق پاکستان کی فضائیہ نے " جے 10" جنگی طیاروں کی مدد سے کم از کم بھارت کے 2 جنگی طیارے مار گرائے ھتھے۔ پاکستان کی فضائیہ نے " جے 10" جنگی طیاروں کی مدد سے بھارت کے جو جنگی طیارے مار گرائے، ان میں فرانسیسی ساختہ رافیل جنگی طیارہ بھی شامل ہے۔ امریکی عہدایداروں نے "جے 10" جنگی طیارے کے ہاتھوں رافیل جنگی طیارے کی تباہی چین کیلئے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا گیا تھا۔ تاہم امریکا کی جانب سے باضابطہ طور پر اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات