مظفرآباد،جانوروں کی بڑی تعداد منہ کھر کی بیماری میں مبتلا محکمہ لائیو سٹاک خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگا

منگل 18 مارچ 2025 17:13

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2025ء) فنڈز کی شدید قلّت،جانوروں کی بڑی تعداد منہ کھر کی بیماری میں مبتلا محکمہ لائیو سٹاک خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے لگا۔کسانوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی بیماری کنٹرول کرنے کے لئے ہنگامی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ،منہ کھر میر پور ڈویثرن اور مظفرآباد ڈویژن سب سے زیادہ متاثر،تیزی سے پھیلنے والی بیماری پر کنٹرول نہ کیا گیا تو ہزاروں جانور اس خطرناک بیماری کا شکار ہو سکتے ہیں۔

منہ کھر بیماری کسانوں و معیشت کی قاتل بیماری ہے۔جانوروں کی نقل و حرکت کی کڑی نگرانی کی جائے اوراس کی ویکسین مخصوص مقامات کے بجائے بلا تخصیص کی جائے۔کسانوں کا اظہار ہے کہ بھمبر میں اس بیماری سے بہت زیادہ جانور متاثر ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

بالخصوص سوکاسن سب سے زیادہ متاثر ہو چکے ہیں۔منہ کھر بیماری پاکستان کے مختلف بالخصوص پنجاب میں عروج پر ہے۔

اور جانوروں کی نقل و حرکت سے ریاست کے مختلف علاقوں میں کیسز آنا شروع ہوچکے ھیں۔ محکمہ لائیو سٹاک آزاد کشمیر نے ویکسینیشن کا عمل شروع کیا ھوا ہے۔ مگر کم وسائل میں ڈور ٹو ڈور ویکسینیشن ممکن نہ ہے۔ محکمہ لائیو سٹاک کے مطابق دستیاب ویکسینیشن محکمانہ و تکنیکی حکمت عملی کے تحت ھاٹ سپاٹ علاقوں میں ڈیری فارمز انٹری پوائنٹس پر کی جارھی ہے۔

چونکہ یہ ایک وائرل بیماری ہے اس کا پھیلاؤ بہت تیز ھوتا ہے اور یہ معاشی طور پر کسانوں کو بہت نقصان دیتی ہے۔ حکومت کو چاہییکہ محکمہ لائیو سٹاک کو وسائل فراھم کرے تاکہ ڈور ٹو ڈور ویکسینیشن ممکن ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ سردار تنویر الیاس کے دور میں لمپی سکن ڈزیز کیلئے ون ٹائم گرانٹ منظور ہوئی۔ اور ویکسینیشن سے بیماری پر مکمل قابو پایا گیا تھا۔ پنجاب سمیت خیبرپختونخوا کے علاقے جو ریاست کے قریبی بارڈر پر ہیں سے بیماری کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے۔ کسانوں نے حکومت وقت اور محکمہ لائیو سٹاک سے جنگی بنیادوں پر ویکسین کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔