عارف یوسف پاکستان بزنس فورم پشاور کے صدر مقرر، نوٹیفیکشن جاری

منگل 18 مارچ 2025 18:01

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2025ء) پاکستان بزنس فورم کے صدر خواجہ محبوب الرحمان نے عارف یوسف کو پشاور کا صدر اور زاہد ندیم کو جنرل سیکرٹری پشاور مقرر کر دیا ہے،جس کے بعد ان کا باظابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ عارف یوسف 2014 سے 2018 تک خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے خصوصی معاون کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے۔

پشاور کی بزنس کمیونٹی نے عارف یوسف کو ان کی تقرری پر دلی مبارکباد دی ہے اور اُمید ظاہر کی ہے کہ پاکستان بزنس فورم پشاور ضلع کے مسائل میں ان کی بھرپور حمایت کرے گا۔ اس موقع پر پی بی ایف چیئرمین خیبر پختونخوا محمد اشفاق پراچہ اور پاکستان بزنس فورم سوات کے صدر اکبر خان نے بھی عارف یوسف اور زاہد ندیم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

نو منتخب صدر عارف یوسف نے کہا ہم نے سب سے پہلے ڈسٹرک اکانومی پر کام کرنا ہے،پاکستان بزنس فورم سمجھتا ہے ،ڈسٹرکٹ اکانومی کا فروغ ملکی معیشت کی ترقی کیلئے بہت اہمیت رکھتا ہے،ہر ضلع میں مختلف قدرتی وسائل، افرادی قوت اور صنعتیں موجود ہوتی ہیں،ان وسائل کا بہتر استعمال مقامی سطح پر معاشی ترقی کو فروغ دیتا ہے اور قومی سطح پر اقتصادی استحکام میں مدد کرتا ہے،اگر ہم یہ یقینی بنا لیں کہ تمام علاقے قومی معیشت میں حصہ ڈالیں تو اس سے سے مشترکہ خوشحالی کو فروغ ملے گا تب ہم صحیح معنوں میں اُڑان کی طرف ہوں گے۔