میر واعظ مولانا محمد یوسف کا تحریک آزاد ی کشمیر میں کردار نا قابل فراموش ہے، ریحانہ خان

منگل 18 مارچ 2025 18:06

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2025ء) چیئرپرسن ویمن کمیشن ریحانہ خان نے کہا ہے کہ میر واعظ مولانا محمد یوسف شاہ کا تحریک آزاد ی کشمیر میں کردار نا قابل فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ میر واعظ کشمیر ایک عظیم دینی اور سیاسی شخصیت تھے جنہوں نے جموں و کشمیر کی تاریخ کے ایک نازک دور میں تدبر اور ثابت قدمی سے ریاست کے مسلمانوں کی راہنمائی کی جوتاریخ میں زندہ رہے گی۔

ریاست جموں و کشمیر اورخاص کر سرینگر میں میر واعظ کشمیر کا خاندان ایک مدت سے فروغ اسلام کا مرکز رہا ہے۔ اس خاندان نے دین کی اشاعت کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کی فکری اور سیاسی راہنمائی بھی کی۔ اس مرکز سے وادی کشمیر میں تحریک آزادی اور الحاق پاکستان کو بنیاد حاصل ہوئی جس نے آگے چل کر ایک عظیم انقلاب کی صورت اختیار کر لی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روز افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ میر واعظ کشمیر مولانا محمدیوسف شاہ اور ان کے خاندان نے کشمیری عوام کو دین اسلام سے وابستہ رکھنے اور انہیں آزادی کی نعمت سے ہمکنار کرانے کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے کہاکہ مولانا محمد یوسف شاہ کشمیری عوام کے سچے خیر خواہ تھے جنہوں نے ایک طرف انہیں اسلامی تعلیمات سے روشناس کرانے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں تو دوسری طرف انہیں اتحاد اور یگانگت کا درس دیا۔انہوں نے اسلامی ممالک کے دورے بھی کیے۔ قرآن مجید کا کشمیری زبان میں ترجمہ اور تفسیر ان کا ایسا بڑا کارنامہ ہے جسے قیامت تک یاد رکھا جائے گا۔