حکومت کی جانب سے چھوٹے کاروباری حضرات کیلئے بلا سود قرضوں کا اجرا احسن اقدام ہے، تاجر رہنما میاں ظفر اقبال

بدھ 19 مارچ 2025 17:35

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2025ء) چیف پیٹرن فیصل آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز میاں ظفر اقبال نے کہا کہ حکومت کی جانب سے چھوٹے کاروباری حضرات کیلئے بلا سود قرضوں کا اجرا احسن اقدام ہے لہٰذا ، اسی طرح چھوٹے کاروباری حضرات کی سرپرستی جاری رکھی گئی اور انہیں سہولیات کی فراہمی کا تسلسل برقرار رکھا گیا تو ملک جلد معاشی استحکام سے ہمکنا رہوجائے گا۔

میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو شہر کے چار بڑے بازاروں، کچہری بازار، کارخانہ بازار، جھنگ بازاراور امین پور بازار کی ایک سائیڈ پرشاپنگ کرنے والوں کیلئے پارکنگ دینی چاہیے تاکہ دکانداروں کا روزگار متاثر نہ ہوجبکہ پارکنگ فیس فی گھنٹہ رکھی جائے تاکہ زیادہ رش نہ ہوسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دکانداروں اور آٹھ بازاروں میں کام کرنے والے افراد کیلئے محکمہ انہار آفس میں بیسمنٹ بناکر پارکنگ دی جائے اور بیسمنٹ وپارکنگ پلازہ کیلئے تاجر برادری کو آگے لایا جائے تاکہ جو تاجر پارکنگ پلازوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں ان کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔

میاں ظفر اقبال نے کہا کہ تاجروں کو ٹولیوں کی شکل میں الگ الگ انتظامیہ سے مذاکرات نہیں کرنے چاہئیں کیونکہ اس سے ان کا نقطہ نظر کمزور ہو جاتا ہے اسلئے متفقہ لائحہ عمل بنایا جائے کیونکہ کسی بھی اقدام کیلئے شور مچانے یا ہڑتالوں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔