غزہ ،اسرائیل کی بڑھتی سفاکیت اس کی بزدلی کو ظاہرکرتی ہے، پرینکا گاندھی

بدھ 19 مارچ 2025 23:20

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2025ء) کانگریس کی رہنما پرینکا گاندھی نے غزہ میں اسرائیل کے تازہ قتل عام کی شدید مذمت کی ہے، جس میں کم از کم 174 بچوں سمیت 400 سے زیادہ فلسطینیوں کی جانیں گئیں۔ انہوںنے کہا کہ بیگناہوں کے قتل سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ اسرائیلی حکومت کے لیے انسانیت کا کوئی مطلب نہیں ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کانگریس کی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ اسرائیل سچائی کا سامنا کرنے کیلئے تیار نہیں ۔

انہوںنے کہا کہ مغربی طاقتوں نے بے گناہوں کے خون پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور وہ نسل کشی میں برابر کی ملوث ہیں۔پرینکا نے کہا کہ مغربی طاقتی اپنی ملی بھگت تسلیم کریں یا نہ کریں، دنیا کے باضمیر شہری، جن میں بہت سے اسرائیلی بھی شامل ہیں، اسے واضح طور پر دیکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسرائیل کی جارحیت کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس کی بڑھتی ہوئی سفاکیت صرف اس کی بزدلی کو ظاہرکرتی ہے۔

انہوںنے فلسطینی عوام کے عزم اور بہادری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ناقابل تصور تکالیف کو برداشت کیا ہے لیکن ان کا عزم غیر متزلزل ہے۔دریںاثنا پرینکا گاندھی نے مظلوم فلسطینیوں کیساتھ اظہاریکجہتی کیلئے پارلیمنٹ کے اندر ایک ایسا ہینڈ بیگ اٹھا رکھا تھا جس پر لفظ ’’فلسطین‘‘لکھا ہوا تھا۔