سرینگر ،بھارتی پولیس ، ایس آئی اے نے پریس کلب پر قبضہ جمالیا، کلب میں پولیس کی موجودگی صحافیوں کو خاموش کرنے کی کوشش،وحید پرہ

جمعرات 20 مارچ 2025 12:14

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس اور سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی(ایس آئی اے)نے پریس کلب کو مکمل طورپر اپنے کنٹرول میں لے رکھا ہے ۔ پولیس نے کلب میں تھانہ قائم کر لیا ہے جبکہ ایس آئی اے نے بھی اپنے دو دفاتر بنا لیے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے رکن اسمبلی وحید پرہ نے ایون میں تقریر کے دوران پریس کلب میں پولیس اور ایس آئی اے کی مستقل طورپر موجودگی پر شدید تشویش کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا کہ اس سے صحافیوں کی آزادی سلب ہو رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کشمیری صحافیوں کو درپیش چیلنجوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 2019 میں دفعہ370 کی منسوخی کے بعد کشمیری صحافی سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، ان پر مواصلاتی پابندیاں عائد کی گئیں۔ انتظامیہ نے صحافیوں کی آواز کو دبانے کیلئے ان پر بے انتہا قدغنیں عائد کر دیں۔پرہ نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں نافذ کی گئی نئی میڈیا پالیسی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے مکمل طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی میڈیا پالیسی سنسر شپ سے کم نہیں ہے ۔ انہوں نے پرلیس کلب میں قائم تھانہ اور ایس آئی اے کے دفاتر فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔