مقبوضہ جموںوکشمیر : گزشتہ دو برس کے دوران 2ہزار کنال سے زائد اراضی غیر مقامی لوگوں کو دی گئی

جمعرات 20 مارچ 2025 17:02

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں نئی طرف سے مسلط کردہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ماتحت انتظامیہ نے گزشتہ دو برس کے دوران سرمایہ کاری کی آڑ میں 2ہزار کنال سے زائد اراضی غیر مقامی لوگوں کے حوالے کر دی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیری میڈیا سروس کے مطابق اس بات کا انکشاف مقبوضہ علاقے کی نام نہاد اسمبلی میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے رکن عبدالوحید پرہ کی طرف سے اٹھائے گئے ایک سوال کے جواب میں کیا گیا۔

حکومت نے تحریری جواب میں کہا کہ سڈکو انڈسٹریل اسٹیٹ میں یکم جنوری 2023 سے 12 دسمبر 2024 تک 2093 کنال زمین غیر مقامی افراد کو الاٹ کی گئی ہے۔گزشتہ دو سالوں کے دوران متعدد انڈسٹریل اسٹیٹس، دیگر سرکاری اور نجی اتھارٹیز کو منتقل کی گئی اراضی کے کل رقبے کی تفصیلات کے بارے میں ایک اور سوال کے جواب میں،حکومت نے کہا کہ جموں ڈویژن میں 6014 کنال اور 10 مرلے اور کشمیر ڈویڑن میں 5532 کنال اور 19 مرلے الاٹ کیے گئے ہیں۔