عوام کو سبسڈائز آٹا فراہم کرنے کے لیے تمام تر صلاحیتوں اور دستیاب وسائل کو بروئے کار لا رہے ہیں،طارق خان مغل

جمعرات 20 مارچ 2025 17:36

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2025ء) رمضان المبارک کے تقدس کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ریاستی عوام کو سبسڈائز آٹا فراہم کرنے کے لیے تمام تر صلاحیتوں اور دستیاب وسائل کو بروئے کار لا رہے ہیں۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے ملنے والی ہدایات کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت 55سو روپے والا آٹا 2ہزار روپے میں مہیا کر رہی ہے، سبسڈی کی مد میں حکومت کو ایوریج تین ہزار سے 3200 روپے برداشت کرنا پڑتا ہے۔

امن اتحاد ایکشن کمیٹی و یونائیٹڈ فورم نلوچھی کی جانب سے عوام علاقہ جلھیاری نلوچھی کو ماہانہ آٹا فراہم کرنے کے لیے ڈی ایف سی کو ہدایات جاری کر دی ہیں جلد جلھیاری میں بھی ڈیلرشپ دیں گے۔ صرف ایک سال کی عرصہ تعیناتی میں محکمہ فوڈ اتھارٹی کی ویب سائٹ لانچ کرنے سمیت آزاد کشمیر بھر میں بوگس ڈیلرز کا خاتمہ کیا، اب سبسڈائز آٹا ریاستی عوام تک پہنچانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں،7813 ڈیلرز 78 لاکھ 13 ہزار ریاستی آبادی کو سبسڈائز آٹا فراہم کر رہے ہیں جن کی مکمل مانیٹرنگ کے لیے محکمہ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم صبح شام کمر بستہ ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز چیئرمین امن اتحاد ایکشن کمیٹی و یونائیٹڈ فورم نلوچھی طارق خان مغل کی قیادت میں ملنے والے وفد جس میں اعجاز احمد مغل و دیگر بھی شامل تھے سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری خوراک سہیل اعظم نے کیا۔ چیئرمین امن اتحاد ایکشن کمیٹی و یونائیٹڈ فورم نلوچھی طارق خان مغل نے عوام علاقہ جلھیاری کی جانب سے گزشتہ دو سال سے ڈیلرشپ کے لیے دربدر ہونے اور آٹا مہیا نہ کرنے کے حوالے سے سیکرٹری فوڈ کے گوش گزار کیا۔

طارق خان مغل نے بتایا کہ گزشتہ دو سال سے عوام علاقہ جلھیاری نلوچھی کے 100 سے زائد خاندان سرکاری آٹا کے لیے در بدر ہو رہے ہیں مگر انہیں آٹا میسر نہیں۔ انہوں نے امن اتحاد ایکشن کمیٹی و یونائیٹڈ فورم نلوچھی کے حوالے سے بھی سیکرٹری خوراک کو تفصیلاً بتایا، جس پر سیکرٹری خوراک سہیل اعظم نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سماجی کاموں میں آمن اتحاد ایکشن کمیٹی و یونائیٹڈ فورم نلوچھی کا کردار قابل تحسین ہے۔

محکمہ خوراک اس کمیٹی کے ساتھ بھرپور تعاون رکھے گا۔ انہوں نے عوام علاقہ جلھیاری نلوچھی کے لیے فوری طور پر ڈی ایف سی کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈیلرز سے ماہانہ کی بنیاد پر 50 فیصد آٹا جلھیاری نلوچھی کو مہیا کیا جائے اور فوری طور پر جلھیاری نلوچھی کے عوام کو ڈیلر شپ دینے کے لیے فائل پراسس مکمل کیا جائے۔ چیئرمین امن اتحاد ایکشن کمیٹی و یونائیٹڈ فورم نلوچھی طارق خان مغل، اعجاز خان مغل نے سیکرٹری فوڈ سہیل اعظم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔