تعلیم کے بغیر زندگی کے کسی شعبے میں ترقی ممکن نہیں،ڈاکٹر جمال ناصر

جمعہ 21 مارچ 2025 22:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2025ء) سابق نگران وزیر صحت و بہبود آبادی پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ تعلیم کے بغیر زندگی کے کسی شعبہ میں ترقی ممکن نہیں۔ ترقی یافتہ ممالک نے جدید اور سائنسی علوم حاصل کر کے دنیا میں اپنا مقام بنایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیپیٹل لائیسیم سکول میں پری سکول گریجویشن کی تقریب 2025ء میں بطور مہمان خصوصی سکول کے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

چیئرمین اور پرنسپل ڈاکٹر عبید اللہ، ڈائریکٹر فیضان احمد اور کوآرڈینیٹر فروا نوید نے اپنے سٹاف کے ہمراہ ڈاکٹر جمال ناصر کا استقبال کیا اور گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ بچوں اور بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے اور مستقبل کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے بھی تعلیم کی بڑی اہمیت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خوشحال تعلیم یافتہ اور جدید علوم سے ہم آہنگ ہو کر ہم ترقی کی منازل طے کر سکتے ہیں۔

بچوں کو معیاری نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں شرکت کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے طالب علم اور نوجوان قابلیت کے لحاظ سے کسی سے کم نہیں ہیں اور ہمارے وطن عزیز کے ان معماروں کا مستقبل بڑا درخشاں اور تابناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیئے کہ بچوں کو معیاری تعلیم دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ طلبا شجر کاری مہم کے سلسلے میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے اپنے حصے کا ایک پودا ضرور لگائیں اور ماحول کو صاف ستھرا اور سر سبر و شاداب رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

اس موقع پر سکول کے بچوں نے خوبصورت ٹیبلوز اور رنگارنگ پروگرام پیش کیئے جسے مہمان خصوصی نے بے حد سراہا۔ انہوں نے طالب علموں اور اساتذہ میں شیلڈز اور انعامات تقسیم کئے۔