یونیورسٹی آف سیالکوٹ میں مذہبی نشست کا انعقاد

ہفتہ 22 مارچ 2025 17:02

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2025ء) یونیورسٹی آف سیالکوٹ میں ڈیپارٹمنٹ آف اسلامک سٹڈیز اور سوسائیٹی آف ٹالرینس ایمپیتھی اینڈ پیس (سٹپ)کے اشتراک سے ایک نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں ممتاز اسکالر ڈاکٹر محمد عبداللہ آصف مصطفائی نے خصوصی خطاب کیا۔ انہیں عزت مآب ڈاکٹر اسلم ڈار، ڈین انٹر فیکلٹی لنکیجز اور ڈاکٹر عبدالرحمٰن، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ اسلامک سٹڈیز نے خوش آمدید کہا۔

مہمان مقرر نے "غزوہ بدر سے ملنے والے صبر اور ایمان کے اسباق"پر روشنی ڈالتے ہوئے نبی اکرم ﷺاور ان کے صحابہ کرام کی آزمائشوں اور مشکلات کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح رسول اللہ ﷺ اور ان کے ساتھیوں نے 13 سال تک مکہ میں صبر اور استقامت کے ساتھ دین کی سربلندی کے لیے جدوجہد کی اور پھر غزوہ بدر میں فتح حاصل کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ توحید پر اپنے ایمان کو مضبوط کریں، قرآن سے تعلق جوڑیں اور اس کے مفہوم و ترجمے کو سمجھیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاشی ترقی ہی دنیا میں آگے بڑھنے کا سب سے اہم ذریعہ ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے سائنس اور ٹیکنالوجی میں ترقی کی ضرورت پر روشنی ڈالی تاکہ امت مسلمہ جدید دنیا کا مقابلہ کر سکے۔ انہوں نے فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر اتحاد و یگانگت کو فروغ دینے اور ذاتی مفادات سے ہٹ کر معاشرے کی بہتری کے لیے کام کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

نشست کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا، جس کے بعد ڈاکٹر مصطفائی کو ان کے پرمغز خطاب پر یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ اس فکری نشست کے انعقاد میں وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر محمد خلیق الرحمٰن صاحب کی بصیرت اور علمی ترقی کے فروغ میں ان کی کاوشیں نمایاں رہیں، جو ہمیشہ تعلیمی سرگرمیوں کو جدید علوم اور روحانی اقدار کے امتزاج کے ساتھ آگے بڑھانے میں پیش پیش رہتے ہیں۔