موٹر ویز اور دیگر قومی شاہراہوں کےٹول ٹیکس میں مزید اضافہ کر دیا گیا

نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ٹول ٹیکس میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ، ٹول ٹیکس میں اضافہ یکم اپریل سے نافذ العمل ہوگا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 22 مارچ 2025 20:30

موٹر ویز اور دیگر قومی شاہراہوں کےٹول ٹیکس میں مزید اضافہ کر دیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مارچ 2025ء) موٹر ویز اور دیگر قومی شاہراہوں کےٹول ٹیکس میں مزید اضافہ کر دیا گیا، نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ٹول ٹیکس میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ، ٹول ٹیکس میں اضافہ یکم اپریل سے نافذ العمل ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ہر چند ماہ بعد موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر سفر کرنے والوں پر عائد ٹول ٹیکس میں اضافہ کرنے کا سلسلہ رواں سال کے دوران بھی نہیں رک سکا۔

سال 2025 کے آغاز کے بعد صرف 3 ماہ میں دوسری مرتبہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے قومی شاہراہوں اور موٹر ویز پر عائد ٹول ٹیکس میں اضافہ کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ٹول ٹیکس میں اضافے کے فیصلے کا فوری اطلاق کرتے ہوئے نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق موٹرویز اور دیگر قومی شاہراہوں پر سفر کرنے والی گاڑیوں کے ٹول ٹیکس میں اضافہ یکم اپریل سے نافذ العمل ہوگا۔

(جاری ہے)

یکم اپریل سے شاہراہوں پر موٹرکار سے 70 روپے، ویگن سے 150 روپے اور بس سے 250 روپے ٹول ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ 2 اور 3 ایکسل ٹرک سے 300 روپے اور بڑے ٹرکوں سے 550 روپے ٹول ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ملک کی 6 مختلف موٹرویز کے ٹول ٹیکس میں بھی نمایاں اضافہ کر دیا۔ ایم 1، ایم 3، ایم 4 ، ایم 5، ایم 14 اور ایم 35 پر ٹول ٹیکس میں بھاری اضافہ کیا گیا ہے۔

اسلام آباد سے پشاور جانے والی ایم 1 موٹروے پر کار کا ٹول ٹیکس 500 سے بڑھا کر 550 روپے کردیا گیا ہے، لاہور سے عبدالحکیم جانے والی ایم 3 پر کار کے لیے ٹول ٹیکس 700 روپے سے بڑھا کر 800 روپے کردیا گیا۔ پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد اور ملتان جانے والی ایم 4 پر کار کیلئے ٹول ٹیکس 950 روپے سے بڑھا کر 1050 روپے کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح ملتان سے سکھر جانے والی ایم 5 پر کار کا ٹول ٹیکس ایک ہزار 1100 روپے سے بڑھا کر 1200 روپے مقرر کردیا گیا، ڈی آئی خان تا ہکلہ موٹروے ایم 14 پر موٹر کار کا ٹول ٹیکس 600 روپے بڑھا کر 650 کردیا گیا ہے۔

حسن ابدال، حویلیاں، مانسہرہ ای 35 پر موٹر کار کا ٹول ٹیکس 250 روپے بڑھا 300 روپے ٹول ٹیکس مقرر کیا گیا۔ اسی طرح ایم 1، ایم 3، ایم 4 ، ایم 5، ایم 14 اور ای35 موٹر وے پر بڑی گاڑیوں کا نیا ٹول ٹیکس 850 سے لے کر5750 روپے تک مقرر کر دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ٹول ٹیکس میں اضافے سے جہاں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ریونیو میں اضافہ ہو گا، وہیں اس فیصلے سے شہریوں پر مالی بوجھ میں اضافہ ہو گیا۔ یہاں یہ بھی یاد رہے کہ حالیہ چند برسوں کے دوران متعدد مرتبہ ٹول ٹیکس میں اضافہ کیے جانے کے بعد نیشنل ہائی وے اتھارٹی اپنے مالی خسارے میں قابو نہیں پا سکی۔ حالیہ ایک رپورٹ کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا مالی خسارہ 300 ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے۔