’کیا بات ہے یار! مجھے آپ پر فخر ہے‘ آئی جی اسلام آباد کی اہلکاروں کو شاباش

احتجاج کیخلاف کریک ڈاؤن کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں علی ناصر رضوی خوشگوار موڈ میں نظر آئے، انہوں نے اہلکاروں کے ساتھ گپ شپ لگائی اور بعض سے گلے ملتے بھی دکھائی دیئے

Sajid Ali ساجد علی پیر 13 اکتوبر 2025 15:51

’کیا بات ہے یار! مجھے آپ پر فخر ہے‘ آئی جی اسلام آباد کی اہلکاروں کو ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 اکتوبر2025ء ) احتجاج کے بعد آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کی اہلکاروں کو شاباش دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو زیرِگردش ہے جس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ یہ مبینہ طور پر مریدکے آپریشن کے بعد کی ویڈیو ہے، جس میں آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کو دیگر اہلکاروں کے ساتھ کھڑے دیکھا جاسکتا ہے، وہ اپنے گرد موجود افراد سے مخاطب ہوکر کہتے ہیں کہ ’ویری ویل ڈن یار کیا بات ہے، مجھے آپ سب پر فخر ہے، دیکھیں بات یہ ہے کہ ان سب نے ادھر آکر کرنا تھا لیکن یہاں آکر ہم لوگوں نے جو ہماری ذمہ داری تھی وہ پوری کی ہے‘، وائرل ویڈیو میں آئی جی اسلام آباد خوشگوار موڈ میں نظر آئے، انہوں نے اہلکاروں کے ساتھ گپ شپ لگائی اور بعض اہلکاروں سے گلے بھی ملے۔

(جاری ہے)

 
دوسری طرف دارالحکومت کے ہائی سکیورٹی زونز میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی، اس سلسلے میں ایس ایس پی سیکیورٹی کیپٹن ریٹائرڈ ذیشان حیدر نے بتایا کہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، کسی بھی شرپسند عنصر کو امن و امان میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اسی طرح ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس مکمل طور پر الرٹ ہے، کسی بھی شرپسند کو قانون ہاتھ میں لینے یا عوام کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، حساس مقامات پر سیکیورٹی سخت کردی گئی اور پولیس گشت میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے، اگر کوئی شخص قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش بھی کرے گا تو اس کیخلاف سخت اور آہنی ہاتھوں سے کارروائی کی جائے گی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ جدید تکنیکی ذرائع اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے سکیورٹی کی مانیٹرنگ جاری ہے تاکہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کا بروقت سدباب کیا جا سکے، دارالحکومت میں امن و امان یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے، حساس مقامات کی حفاظت اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے، اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران شہریوں کی رہنمائی، سہولت اور مدد کے لیے ہر لمحہ موجود ہیں، چاہے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنی ہو یا کسی مشکل میں گھرے شہری کی مدد کرنی ہو، اسلام آباد ٹریفک پولیس پوری ذمہ داری اور خلوص کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔