الیکشن کمیشن نے پنجاب میں یونین کونسلز کی سطح پر حلقہ بندیوں کے جاری شیڈول کے تحت ابتدائی حلقہ بندیوں کی تیاری کا آغاز کردیا

پیر 13 اکتوبر 2025 16:02

الیکشن کمیشن نے پنجاب میں یونین کونسلز کی سطح پر حلقہ بندیوں کے جاری ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اکتوبر2025ء) الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب میں یونین کونسلز کی سطح پر حلقہ بندیوں کے جاری شیڈول کے تحت ابتدائی حلقہ بندیوں کی تیاری کا آغاز ہوگیا ہے جو 31 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ ای سی پی سے جاری شیڈول کے مطابق حلقہ بندی حکام اور حلقہ بندی کمیٹوں کے تقرری اور تربیت،نقشوں کی خریداری سمیت دیگر انتظامات کی تکمیل 12 اکتوبر تک مکمل کر لی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

کمیٹیوں کی جانب سے ابتدائی حلقہ بندیوں کی فہرست کی تیاری کا کام 13 اکتوبر کو شروع ہوگیا جو 31 اکتوبر تک مکمل ہوں گی۔یکم نومبر کو فہرستیں آویزاں کی جائیں گی اور ان پر اعتراضات 16 نومبر تک جبکہ اعتراضات کو یکم دسمبر تک نمٹایا جائے گا،حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت 8 دسمبر کو ہوگی۔اس کے علاوہ کمیشن نے ووٹرز کے اعتراضات نمٹانے کے لئے 11 حد بندی اتھارٹیز بھی قائم کی ہیں، ساتھ ساتھ یونین کونسل کی سطح پر حلقہ بندیوں کی 41 کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔الیکشن کمیشن نے پنجاب میں حلقہ بندیوں کی تکمیل تک میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور ضلع کونسلز سمیت لوکل گورنمنٹ کی حدود میں کسی قسم کی تبدیلی کرنے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔