جنوبی کوریا میں ہولناک جنگلاتی آگ بے قابو، 4 افراد ہلاک ، 6 زخمی

پیر 24 مارچ 2025 14:04

سیول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2025ء) جنوبی کوریا کے جنوب مشرقی علاقوں میں جنگلاتی آگ میں 4 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے ۔ پیر کو یونہاپ نیوز ایجنسی کے مطابق، جنگلات میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں، لیکن تیز اور خشک ہوائیں امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔ ایجنسی نے بتایا کہ یہ آگ جمعے کوسان چیونگ کاؤنٹی میں بھڑکی، جو دارالحکومت سیول سے 250 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے، اور تیزی سے دیگر علاقوں تک پھیل گئی۔

(جاری ہے)

جنگلاتی آگ کے مزید واقعات یوسونگ (شمالی گیونگ سانگ صوبہ) اور الجو کاؤنٹی (یولسان) میں بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔سان چیونگ کی آگ کے نتیجے میں اب تک 4 افراد ہلاک اور6زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ 1,500 سے زائد افراد کو عارضی پناہ گاہوں میں منتقل کیا گیا ہے۔مرکزی آفات و سلامتی مرکز کے مطابق، یوسونگ میں اب تک 4,650 ہیکٹر رقبہ (تقریباً 6,512 فٹبال گراؤنڈز کے برابر) جل چکا ہے، جس کے باعث 390 سے زائد افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔اتوار کو جنوبی کوریا کے قائم مقام صدر چوئی سانگ موک نے حکام کو ہدایت کی کہ یوسونگ اور الجو کو بھی خصوصی آفت زدہ علاقوں کے طور پر نامزد کرنے پر غور کیا جائے، جیسا کہ پہلے سان چیونگ کو قرار دیا جا چکا ہے۔

متعلقہ عنوان :