شیخ حمدان کا بغیر کسی پروٹوکول دبئی مال کا دورہ

تمام افراد کے کھانے کا بل ادا کرکے لوگوں کے دل جیت لیے

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 28 جون 2025 12:37

شیخ حمدان کا بغیر کسی پروٹوکول دبئی مال کا دورہ
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 جون 2025ء ) دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے بغیر کسی پروٹوکول دبئی مال کا دورہ کرتے ہوئے وہاں ایک ریسٹورنٹ میں لنچ کے دوران تمام افراد کے کھانے کا بل ادا کرکے لوگوں کے دل جیت لیے۔ اماراتی میڈیا کے مطابق دبئی کے ولی عہد اور نائب وزیراعظم شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم اور ابوظہبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زید آل نہیان نے معاونین اور دوستوں کے ایک گروپ کے ہمراہ دبئی مال کے ایک ریسٹورنٹ میں لنچ کیا، وہاں موجود لوگوں انہیں انتہائی دوستانہ طبیعت کا پایا اور انہوں نے سب کو ہیلو کہا اور جب وہاں کھانے کے بعد لوگون نے بل کا پوچھا تو ریسٹورنٹ انتظامیہ نے انہیں بتایا کہ شیخ حمدان بن محمد نے سب کا بل ادا کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ دونوں شاہی شخصیات بغیر کسی پروٹوکول کے دبئی مال کے فرانسیسی ریسٹورنٹ میں داخل ہوئیں جہاں انہوں نے وہاں پہلے سے موجود دیگر مہمانوں کو سلام کیا اور پرسکون ماحول میں اپنا کھانا کھانے کے بعد ریسٹورنٹ میں موجود تمام مہمانوں کا بل ادا کر دیا، اس وقت ریسٹورنٹ میں موجود تمام افراد کا مجموعی بل 30 ہزار اماراتی درہم یعنی تقریباً 23 لاکھ پاکستانی روپے بنا تھا۔

ریستورنٹ انتظامیہ نے شاہی شخصیات کو سے ملنا اعزاز قرار دیا اور کہا کہ وہ اس موقع کے لیے ولی عہد کے انتہائی مشکورہیں، ہماری ٹیم اور آس پاس کے مہمانوں نے ان کی موجودگی کے ماحول کو دل کی گہرائیوں سے سراہا، ہماری ٹیم کے لیے معزز مہمانوں کا استقبال کرنا ایک مکمل اعزاز اور ایک انتہائی خوشگوار تجربہ تھا اور ہم ان کی خدمت کرنے کے موقع کے لیے واقعی شکر گزار ہیں کیوں کہ اس طرح کے لمحات ہر سطح پر بہترین کارکردگی پیش کرنے کے لیے ہم پر کیے گئے اعتماد کی قابل فخر یاد دہانی بنتے ہیں۔