چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت کیڈٹ کالج پلندری اور کیڈٹ کالج مظفر آباد کے 31 ویں بورڈ آف گورنرز کا اجلاس

پیر 24 مارچ 2025 22:45

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2025ء)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت کیڈٹ کالج پلندری اور کیڈٹ کالج مظفر آباد کے 31 ویں بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سپیکر آزادجموں وزکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، چیف سیکرٹری آزادکشمیر فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر) خوشحال خان، سیکرٹری مالیات اسلام زیب، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن چوہدری محمد طیب، پرنسپل کیڈٹ کالج مظفر آباد اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق کو سیکرٹری ہائر ایجوکیشن چوہدری محمد طیب نے کیڈٹ کالجز بارے تفصیلی بریفنگ دی، اس موقع پر کیڈ ٹ کالج پلندری اور کیڈٹ کالج مظفر آباد کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس نے پرنسپل کیڈٹ کالج پلندری کی تعیناتی کی منظوری دی، بورڈ آف گورنرز نے کیڈٹ کالج پلندری کے لیے 34 ملین روپے کی اضافی رقم کی منظوری بھی دی، اجلاس میں کیڈٹ کالج مظفر آباد کے ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے کی بھی منظوری دی گئی علاوہ ازیں کیڈٹ کالجز کے جملہ مسائل کے حل کے لیے اقدامات اٹھانے کی ہدایت بھی کی گئی، اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے کیڈٹ کالجز کے معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کیڈٹ کالجز کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی، ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھائیں گے، نوجوان نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کریں گے تو دنیا سے مقابلہ کر سکیں گے ، تعلیم کا معیار بہتر ہو گا تو نوجوان نسل دنیا میں اپنی بہترین پہچان منوانے میں کامیاب ہو سکے گی، انھوں نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح کے لیے متحرک ہے، خدمت کے مشن کو جاری رکھنے کے لیے انقلابی اقدامات اٹھارہے ہیں، کیڈٹ کالجز کے جملہ مسائل کے حل کے لیے بھی بھرپور اقدامات اٹھائیں گے۔