فلسطین میں نہتے مسلمان روزانہ وحشیانہ بمباری اور جبر و استبداد کا سامنا کر رہے ہیں، طاہرکھوکھر

منگل 25 مارچ 2025 14:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2025ء) پاسبانِ وطن پاکستان کے مرکزی صدر محمد طاہر کھوکھر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی طرف سے مسلمانوں کے لیے ایک عظیم نعمت اور رحمت کا مہینہ ہے یہ مہینہ صبر، تقویٰ، ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے اور ہمیں برائیوں سے بچا کر نیکیوں کی طرف مائل کرتا ہے رمضان محض روزے رکھنے کا نام نہیں بلکہ یہ ہمارے روحانی، سماجی اور اخلاقی تطہیر کا ذریعہ بھی ہے، جو ہمیں دوسروں کی تکالیف کا احساس دلاتا ہے اور معاشرتی برائیوں سے روکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مبارک مہینے میں ضرورت مندوں، غریبوں اور سفید پوش طبقے کا خصوصی خیال رکھنا ہم سب پر لازم ہے آج کے معاشی حالات میں بے شمار لوگ ایسے ہیں جو مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، جن کے پاس دو وقت کی روٹی میسر نہیں، جو افطار اور سحری کے لیے ترس رہے ہیں اس مقدس مہینے میں ہمیں ایسے لوگوں کی مدد کرنی چاہیے تاکہ کوئی بھی شخص بھوکا نہ سوئے اور ہر روزہ دار کو افطار کی سہولت میسر ہو۔

(جاری ہے)

اللہ تعالیٰ نے اپنے دیے ہوئے مال میں سے لوگوں پر خ رچ کرنے کا حکم دیا ہے اور جو لوگ اللہ کی راہ میں دیتے ہیں انہیں بے شمار برکتوں اور اجر عظیم سے نوازا جاتا ہے رمضان کا اصل مقصد یہی ہے کہ ہم دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کریں، زکوة، صدقات اور خیرات کے ذریعے غریب نادار اور ضرورت مندوں تک سہولیات پہنچائیں تاکہ کوئی شخص بھوک اور تنگدستی کا شکار نہ ہو۔

طاہر کھوکھر نے کہا کہ یہ مقدس مہینہ مسلمانوں کے لیے اللہ کی طرف رجوع کرنے، اپنے گناہوں کی معافی مانگنے اور اتحاد قائم کرنے کا بہترین موقع ہے بدقسمتی سے، آج امتِ مسلمہ کو فرقہ واریت، تعصبات اور اندرونی اختلافات میں الجھا کر تقسیم کیا جا رہا ہے جو ہمارے کمزور ہونے کی بڑی وجہ ہے ہمیں چاہیے کہ ہم تمام اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر باہمی اتحاد کو فروغ دیں اور بھائی چارے کی فضا قائم کریںاسلام ہمیں محبت، رواداری، اخوت اور یکجہتی کا درس دیتا ہے۔

ہمیں چاہیے کہ ہم آپس میں بھائی بھائی بن کر رہیں اور ان سازشوں کو ناکام بنائیں جو ہمیں تقسیم کرنے کے لیے رچی جا رہی ہیں۔ امتِ مسلمہ کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر پوری دنیا کو یہ پیغام دینا چاہیے کہ ہم ایک اللہ اور ایک نبی ﷺ کے ماننے والے ہیں اور کسی بھی بیرونی سازش کا شکار نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت کفار فلسطین، کشمیر اور دیگر اسلامی ممالک میں مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہے ہیں۔

فلسطین میں نہتے مسلمان روزانہ وحشیانہ بمباری اور جبر و استبداد کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ کشمیر میں بھی معصوم شہریوں پر ظلم جاری ہے پوری امتِ مسلمہ کو اپنے ان مظلوم بھائیوں کے لیے نہ صرف دعا کرنی چاہیے بلکہ عملی طور پر بھی ہر ممکن مدد فراہم کرنی چاہیے۔رمضان المبارک ہمیں درس دیتا ہے کہ ہم اپنی دعاؤں، صدقات، زکوة سے اپنے مظلوم مسلمان بھائیوں کی حمایت کریں اور ان کے حق میں آواز بلند کریں۔ امتِ مسلمہ کو چاہیے کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرے اور ظالموں کے خلاف مضبوط موقف اختیار کرے۔