بجلی صارفین کیلئے قیمتوں میں کمی کا امکان

صارفین کیلئے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 30 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان، نیپرا اتھارٹی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے کل درخواست پر سماعت کرے گی

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 25 مارچ 2025 13:15

بجلی صارفین کیلئے قیمتوں میں کمی کا امکان
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 مارچ 2025)بجلی صارفین کیلئے قیمتوں میں کمی کا امکان،صارفین کیلئے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 30 پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان، نیپرا اتھارٹی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے کل درخواست پر سماعت کرے گی،سی پی پی اے کی جانب سے فروری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست دائر کی گئی ہے، درخواست کے مطابق فروری میں 6 ارب 49 کروڑ 50 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی تھی جبکہ بجلی کمپنیوں کو 6 ارب 66 کروڑ 60 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی تھی۔

بجلی کی فی یونٹ لاگت 8 روپے 22 پیسے فی یونٹ تھی جبکہ فروری کیلئے بجلی کی ریفرنس لاگت 8 روپے 52 پیسے فی یونٹ مقرر تھی۔ جوہری ایندھن سے 26.59 فیصد، مقامی کوئلے سے 15.02 فیصد اور درآمدی ایل این جی سے 14.11 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

(جاری ہے)

فروری میں پانی سے 27.12، مقامی کوئلے سے 15.02 فیصد، درآمدی کوئلے سے 1.56 فیصد اور گیس سے 10.32 فیصد بجلی پیدا کی گئی تھی۔فروری میں درآمدی ایل این جی سے 14.11 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ڈسکوز اور کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دیدی تھی۔نیپرا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ڈسکوز صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں 1 روپے 22 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی، ڈسکوز صارفین کیلئے بجلی کے نرخوں میں کمی دسمبر کی ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی تھی۔

اعلامیے کے مطابق کراچی کے صارفین کیلئے بجلی کی قیمتوں میں فی یونٹ 1 روپے 23 پیسے کمی کی گئی تھی۔کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی کے نرخوں میں کمی فروری کے ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی تھی۔فیصلے کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق ڈسکوز اور کے الیکٹرک کے تمام صارفین پر ہوگا تاہم لائف لائن، پری پیڈ صارف اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ سٹیشنز پراس کااطلاق نہیں ہوگا۔