پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی

پاکستان ہمیشہ تنازعات کے پرامن حل، مکالمے اور سفارت کاری کا مستقل اور پختہ حامی رہا ہے. عاصم افتخار

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 1 جولائی 2025 14:32

پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی
نیویارک(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔یکم جولائی ۔2025 )پاکستان نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی ہے یہ سلامتی کونسل کے 15رکنی ادارے میں پاکستان کی آٹھویں مدت ہے اور 2013کے بعد اس کی پہلی صدارت ہے اسلام آباد نے جنوری 2025 میں غیر مستقل رکن کے طور پر اپنی موجودہ 2 سالہ مدت کا آغاز کیا تھا، جو 2026 کے اختتام تک جاری رہے گی.

(جاری ہے)

اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستان ایک ایسے وقت میں اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال رہا ہے جب دنیا شدید غیر یقینی صورتحال، بڑھتے ہوئے تنازعات، پیچیدہ جغرافیائی اور تزویراتی حالات اور عالمی امن و سلامتی کو درپیش سنگین خطرات کا سامنا کر رہی ہے. اگرچہ سلامتی کونسل کی صدارت ماہانہ بنیاد پر گردش کرتی ہے اور اس کے پاس کوئی انتظامی اختیار نہیں ہوتا، لیکن یہ صدارت کونسل کے ایجنڈے اور مجموعی انداز پر اثرانداز ہونے کا ایک موقع فراہم کرتی ہے عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ تنازعات کے پرامن حل، مکالمے اور سفارت کاری کا مستقل اور پختہ حامی رہا ہے.

انہوں نے کہا کہ ہم سلامتی کونسل کے کام میں اصولی اور متوازن نقطہ نظر لائیں گے، اور کثیرالجہتی نظام کو مضبوط کرنے اور دیگر رکن ممالک کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کا عزم رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی صدارت کے دوران شفافیت، شمولیت اور موثریت کو فروغ دینا چاہتا ہے ہم کونسل کے دیگر ارکان کے ساتھ قریبی تعاون میں کام کریں گے تاکہ اجتماعی اور بروقت اقدامات ممکن بنائے جا سکیں، جو اقوامِ متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی برادری کی توقعات کے مطابق ہوں.